حکومت پر الزام لگا کر اپوزیشن اپنے جرائم سے توجہ ہٹانا چاہتی ہے وزیراعظم

بے نامی جائیداد رکھنے والوں کے خلاف بلاتفریق کاروائی ہو گی، وزیراعظم عمران خان

معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے مشکل فیصلے کیے، وزیراعظم ۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ راناثناءاللہ کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں لیکن اپوزیشن حکومت پر الزام لگا کر اپنے جرائم سے توجہ ہٹانا چاہتی ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی ترجمان اور رہنماؤں کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزراء نے بھی شرکت کی، اجلاس میں اپوزیشن رہنماوں کی گرفتاریوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی مشاورت کی گئی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کاکہنا تھا کہ اپوزیشن صرف اپنے جرائم سے توجہ ہٹانے کے لئے حکومت پر الزامات لگا رہی ہے، انتقام کی سیاست پی ٹی آئی کا نظریہ نہیں ہے، لیگی رہنما راناثناءاللہ کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں، جن لوگوں پر مقدمات ہیں عدالتوں میں ان کی صفائی دیں، پاکستان میں اب ادارے اور عدالتیں آزاد ہیں۔


وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بے نامی جائیداد رکھنے والوں کو پورا موقع دیا گیا، لیکن اب بے نامی جائیداد رکھنے والوں کے خلاف بلاتفریق کاروائی ہو گی۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی، وزیراعظم کو پنجاب میں صنعتی شعبے، زراعت اور سیاحت کے فروغ کے لئے کئے گئے اقدامات، خصوصی اقتصادی زونز کے قیام اور کاروباری طبقے کے مسائل اور حل پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مشکل معاشی حالات میں حکومت نے متوازن بجٹ پیش کیا ہے، بجٹ میں صنعتی شعبے کا فروغ اور کمزور طبقے کے تحفظ پرپوری توجہ دی گئی، معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے مشکل فیصلے کیے، ان فیصلوں کا مقصد معیشت کی سمت درست کرنا اور ملک کومعاشی مشکلات سے نکالنا ہے۔

 
Load Next Story