لاہور سفاری زو کے دو بیمار شیروں کو موت کی نیند سلادیا گیا

لاعلاج بیماری میں مبتلا شیروں کو بے ہوش کرکے زہر کے انجکشن لگائے گئے تاکہ انہیں اذیت نہ ہو

لاعلاج بیماری میں مبتلا شیروں کو بے ہوش کرکے زہر کے انجکشن لگائے گئے تاکہ انہیں اذیت نہ ہو (فوٹو: فائل)

سفاری زو کے تین سال سے بیمار دو شیروں کو جدید طریقے سے تکلیف دئیے بغیر موت کی نیند سلا دیا گیا۔

ڈی جی وائلڈ لائف پنجاب کے مطابق لاہور سفاری زو کے 4 شیر پیدائش کے 6 ماہ بعد ہی فالج کے مرض میں مبتلا ہوکر معذوری کا شکار ہوگئے تھے اور انتہائی اذیت بھری زندگی گزار رہے تھے۔ گذشتہ تین سال سے وٹرنری اور دیگر ماہرین وائلڈ لائف کی سرتوڑ کوششوں کے باعث 2 شیروں کی حالت میں قدرے بہتری پیدا ہوئی جبکہ 2 شیروں کی صحت میں بہتری کے کوئی آثار پیدا نہ ہوئے۔




ڈی جی وائلڈ لائف کی زیر صدارت منعقدہ زو مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں ان دو معذور شیروں کو اس اذیت سے نجات دلانے کے لیے پرسکون موت دینے کا فیصلہ کیا گیا اور حتمی منظوری کے لیے سیکریٹری جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری سے اجازت طلب کی گئی تھی اور اجازت ملنے پر شیروں کو پرسکون موت دینے کے لیے ایک 7 رکنی کمیٹی تشکیل دی۔

ڈی جی وائلڈ لائف سہیل اشرف نے بتایا کہ دونوں شیروں کو پرسکون موت دینے کے لیے عالمی معیار کے مطابق جدید طریقہ استعمال کرتے ہوئے ڈارٹ گن سے بے ہوش کرکے ان کی رگوں میں انجکشن کے ذریعے بغیر تکلیف کے اذیت ناک زندگی سے نجات دلانے والی دوا داخل کی گئی اور دونوں جانوروں کو نصف گھنٹے تک زیر مشاہدہ رکھنے اور موت کی تصدیق ہوجانے کے بعد سفاری زو میں ہی گہرا گڑھا کھود کر تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے دفن کردیا گیا ہے۔
Load Next Story