انڈر 19 کرکٹ پاکستان جنوبی افریقہ پر آخری وار کیلیے تیار

ٹیم آج دورے کا اختتام کامیابی سے کرکے سیریز میں 7-0 سے کلین سوئپ کیلیے پُراعتماد

کپتان اور کوچ پلیئرز کی پرفارمنس سے مطمئن۔ فوٹو: فائل

انڈر19ون ڈے کرکٹ سیریز میں پاکستان آج جنوبی افریقہ پر آخری وار کرنے کیلیے تیار ہے۔

پاکستان اور میزبان جنوبی افریقہ کے درمیان 7 ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا آخری معرکہ اتوار کو ڈربن میں ہوگا، گرین شرٹس نے اب تک منعقدہ تمام چھ میچز میں کامیابی سمیٹ کر پہلے ہی ٹرافی قبضے میں کرلی لیکن قومی ٹیم سیریز میں کلین سوئپ کرنے کا عزم رکھتی ہے۔

انڈر19 ٹیم کے کپتان روحیل نذیر کا کہنا ہے کہ پلیئرز عمدہ کھیل پیش کررہے ہیں اور ہمیں پوری امید ہے کہ ہم پروٹیز کیخلاف سیریز میں کلین سوئپ کرنے میں کامیاب رہیں گے،اسی طرح ٹیم منیجر اعظم خان بھی نوجوان پلیئرز کی پرفارمنس سے انتہائی خوش اور مطمئن دکھائی دیے۔

انھوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے ان مقابلوں میں کچھ غیرمعمولی کرکٹ پیش کی ہے عام طور پر جنوبی افریقی کنڈیشنز میں میچز جیتنا آسان نہیں ہوتا، گرین شرٹس نے ٹور میں اب تک جنوبی افریقہ کیخلاف 17 رنز، چار وکٹ، 6 وکٹ، 88 رنز 116 رنز اور 60 رنز سے فتوحات سمیٹی ہیں، روحیل نے مزید کہا کہ کوچز نے بہت سخت محنت کرکے ہماری صلاحیتوں کو نکھارا ہے، ان کی محنت کی بدولت ہماری فٹنس اور گیم بھی بہتر ہوا، اس کا اثر جنوبی افریقہ سے میچز میں نتائج کی صورت میں نظر بھی آرہا ہے۔


وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر کو اس سے قبل سری لنکا کے دورے میں بھی سیریز کا بہترین کھلاڑی چنا گیا تھا، جہاں انھوں نے 5 میچز میں 320 رنز بنائے تھے جبکہ جنوبی افریقہ میں اب تک منعقدہ 6 میچز میںوہ 317رنز اپنے نام جوڑچکے ہیں، جس میں 4 نصف سنچریاں شامل ہیں،چھٹے مقابلے میں انھوں نے 94 بالز پر 74 کی اننگز کھیل کر میچ کے بہترین پلیئر کا اعزاز بھی حاصل کیا ہے، ٹیم کے کوچ اور منیجر اعظم خان بھی پلیئرز کی پرفارمنس سے مطمئن ہیں۔

انھوں نے کہا کہ تمام کھلاڑی سیریز کا اختتام بھی کامیابی کے ساتھ کرنے کیلیے پُراعتماد ہیں، اس دورے میں بیٹسمینوں کی پرفارمنس بہت متاثر کن رہی، خاص کر روحیل نے آگے بڑھ کر قیادت کی، تاہم انھیں ابھی نصف سنچریوں کو بڑی اننگز میں ڈھالنے سے متعلق سیکھنا ہوگا۔

فاسٹ بولر نسیم شاہ نے بھی اسکواڈ میں کامیاب واپسی کی، وہ اب تک 4 میچز میں 12 شکار کرچکے ہیں، جس میں ان کی بہترین کاوش چوتھے ون ڈے میں 52رنز کے عوض 4 وکٹیں رہی ہے۔اس کے علاوہ اب تک منعقدہ میچز میں حیدرعلی(287)، عرفان نیازی(208) اور محمد حارث (206) بھی نمایاں بیٹسمین ہیں۔

 
Load Next Story