لکس اسٹائل ایوارڈز اقرا اوریاسرکے بعد مومنہ مستحسن کوبھی تنقید کا سامنا
رواں سال منعقد ہونے والے لکس اسٹائل ایوارڈزاپنے اعلان کے بعد سے ہی تنازع کا شکار بنا ہوا ہے۔ پہلے ایوارڈز کے لیے نامزد ہونے والے فنکاروں نے ہراسانی کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے بائیکاٹ کا اعلان کیا پھر ایوارڈز کی تقریب کے دوران یاسر حسین کے اقرا عزیز کو پرپوز کرنے کے انداز نے نئے تنازع کا روپ دھار لیا اوراب تقریب کے دوران مومنہ مستحسن کی ڈانس پرفارمنس کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
لکس اسٹائل ایوراڈز کی تقریب کا آغاز مومنہ مستحسن کی ڈانس پرفارمنس سے ہوا تاہم مومنہ کی پرفارمنس جوش سے خالی کافی ٹھنڈی محسوس ہوئی۔ پرفارمنس کے دوران مومنہ ڈانس کرنے کے بجائے اسٹیج پراِدھر اُدھر ہلتی ہوئی نظرآئیں۔ سوشل میڈیا صارفین پرجوش پرفارمنس نہ دینے پر مومنہ کوتنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
ضیا نامی صارف نے مومنہ کے ڈانس کی ویڈیوشیئرکراتے ہوئے لکھا اس طرح کا مواد ہے، جب ہی تو ہمارے ایوارڈز کوئی نہیں دیکھتا۔
منال نامی خاتون نے لکھا یہ دیکھ کر لگ رہا ہے کہ مومنہ ڈانس نہیں کرسکتی اور نہ ہی اسے معلوم ہے کہ ڈانس کیسے کرتے ہیں۔ لیکن ایوارڈ کے ڈائریکٹر سورہے تھے کیا؟ کیوں آپ لوگوں نے مومنہ کو یہ کرنے دیا اور ریہرسل کے دوران آپ کو کیا لگا کہ یہ پرفارمنس چل جائے گی؟
ہمانامی صارف نے مومنہ کی پرفارمنس کا مذاق اڑاتے ہوئے لکھا مومنہ ڈانس نہیں کررہی بلکہ اِدھر اُدھر گھوم رہی ہے، یہ راکنگ پرفارمنس ہے؟ یہ اسٹیپس ہم اپنے اسکول میں کیا کرتے تھے، کیا پاگل پن ہے یہ، بس کسی کو بھی سر پر چڑھادو۔