پے درپے ٹرین حادثات کے بعد شیخ رشید سے استعفے کا مطالبہ زور پکڑ گیا

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر بھی ٹرین حادثے کے بعد ’شیخ رشید استعفیٰ دو‘ کا ٹرینڈ ٹاپ پر ہے

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر بھی ٹرین حادثے کے بعد ’شیخ رشید استعفیٰ دو‘ کا ٹرینڈ ٹاپ پر ہے۔ فوٹو: فائل

پے درپے ٹرین حادثات کے بعد نہ صرف سیاسی جماعتوں بلکہ سوشل میڈیا پر بھی وزیر ریلوے شیخ رشید سے استعفے کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ٹرین حادثے پر شیخ رشید سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرین حادثوں پر وزیر کے مستعفی ہونے کی مثالیں دینے والے عمران خان اپنے وزیر سے استعفی مانگیں گے، ڈکٹیٹر مشرف کے دور میں بھی شیخ رشید نے ریلوے کا محکمہ تباہ کیا جس کا خمیازہ جمہوری حکومتوں کو بھگتنا پڑا جب کہ عمران خان نے بڑے فخر سے شیخ رشید کو ریلوے کی وزارت دی اور آج خان صاحب کا یہ فیصلہ بھی غلط نکلا۔

صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے ٹرین حادثے میں 12 قیمتی انسانی جانوں کے نقصان اور 67 سے زائد کے زخمی ہونے پر رنج و غم اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ٹرینوں کے پے درپے حادثات انتہائی تشویشناک ہیں، کمزور ریلوے ٹریک اور ناقص منصوبہ بندی حادثات کا باعث بن رہے ہیں، حادثے کے ذمہ داران کا تعین کرکے ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔


مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شیخ رشید کی انتظامی نااہلی ریلوے حادثات کی نظر میں سامنے آرہی ہے، شیخ رشید سیاست چمکانے کے بجائے ریلوے کے نظام پر توجہ دیں، رحیم یار خان میں ٹرین حادثہ ریلوے انتظامیہ کی غفلت کا نتیجہ ہے۔

‎مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے بھی ٹرین حادثے پر وزیر ریلوے شیخ رشید کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ خوشامدی نیازی ایکسپریس چلانے سے پہلے عوام کی جان کی حفاظت کو یقینی بنانے کا انتظام کیا جائے، ‎عمران نیازی شیدے ٹلی کو وزارت گالم گلوچ دے دیں، ریلوے کسی اور وزیر کودیں۔

دوسری جانب سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر بھی ٹرین حادثے کے بعد 'شیخ رشید استعفیٰ دو' کا ٹرینڈ ٹاپ پر ہے جس میں صارفین کی جانب سے وزیر ریلوے شیخ رشید سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔
Load Next Story