ایل او سی پر لگی باڑ کی وجہ سے کسی کا بھی بھارتی علاقے میں گھسنا ناممکن ہے بھارتی فوج کا اعتراف

ایل او سی پر رواں سال سرحد پار سے كوئی دراندازی نہیں ہوئی، بھارتی میجر جنرل وی پی سنگھ

ایل او سی پر جب اتنے سخت حفاظتی انتظامات ہیں تو پھر بھارتی فوج کس منہ سے پاکستانی فوج پر کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتی ہے، بھارتی دفاعی تجزیہ کار و ماہرین فوٹو: فائل

بھارتی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر لگی باڑ کی وجہ سے کسی کا بھی اس کے علاقے میں گھسنا ناممکن ہے، اس اعتراف کے بعد پاکستانی فوج پر اپنے سرحدی علاقے میں گھسنے کا الزام لگانا سمجھ سے بالاتر ہے۔

بھارتی اخبار كے مطابق لائن آف کنٹرول پر تعینات بھارتی بریگیڈ كے كمانڈر بریگیڈیئر اے سین گپتا نے خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے كہا ہے كہ ایل او سی پر لگائی گئی 3 سطحی باڑ دراندازوں كے لیے موت كا شكنجہ ہے، دراندازوں كے لیے سرحد پار سے بھارتی علاقے میں گھسنا ناممكن ہے۔ اسی طرح بھارتی فوج کے ایک اور آفیسر میجر جنرل وی پی سنگھ نے بھی اپنے بیان میں كہا كہ رواں سال سرحد پار سے كوئی دراندازی نہیں ہوئی۔


دوسری جانب بھارتی تجزیہ كاروں اور دفاعی ماہرین نے اے سین گپتا اور وی پی سنگھ كے ان بیانات كو بھارتی فوج کی جانب سے پاک فوج پر لگائے گئے الزامات كی نفی قرار دیتے ہوئے كہا كہ جب بھارت كی سرحدوں پر سیكیورٹی اتنی سخت ہے اور خاردار تاروں اور باڑ كی 3 تہیں بنائی گئی ہیں کہ اس سے کوئی بھی نہیں گزر سکتا اور جو گزرنے کی کوشش کرتا ہے وہ مارا جاتا ہے تو پھر بھارتی فوج كس بنیاد پر پاكستانی فوج پر اس قسم كے الزامات عائد كر رہی ہے اور اپنے 5 فوجیوں كی ہلاكت كا ذمہ دار پاكستانی فورسز كو ٹھہراتی ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی فوج كی جانب سے گزشتہ ماہ پاكستانی فورسز پر الزام لگایا گیا تھا كہ انہوں نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سرحد پار سے گھس كر 5 بھارتی فوجیوں كو قتل كر دیا تھا، اس الزام كے بعد پاكستان اور بھارت كے درمیان سرحدوں پر شدید كشیدگی شروع ہوگئی جس میں بڑے پیمانے پر جانی ومالی نقصان بھی ہوا۔
Load Next Story