امریکا کے بعد فرانس کا بھی خلائی فورس بنانے کا اعلان

فورس بنانے کا مقصد فرانس کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے، فرانسیسی صدر

فورس بنانے کا مقصد فرانس کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے، فرانسیسی صدر۔ فوٹو : فائل

امریکا کے بعد فرانس نے بھی خلائی فورس بنانے کا اعلان کردیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کے بعد فرانس نے بھی خلائی فورس بنانے کا اعلان کردیا ہے۔ فرانسیسی صدر میکخواں نے آرمی کے جوانوں سے خطاب میں کہا کہ فرانسیسی فضائیہ کو خلائی فورس بنانے کی اجازت دیدی ہے، فورس بنانے کا مقصد فرانس کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فورس کی مدد سے فرانس کے سیٹلائٹ سسٹم کو بھی تحفظ ملے گا جب کہ یہ فورس اگلے سال ستمبر تک بنائی جائے گی۔


واضح رہے کہ گزشتہ سال امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ملٹری کو 'اسپیس فورس' خلائی فورس تشکیل دینے کا حکم دیا تھا۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ خلا میں امریکی موجودگی کافی نہیں مکمل غلبہ چاہیے اور چاند پر امریکی جھنڈا لگانا کافی نہیں۔

امریکا کی جانب سے خلائی فورس بنانے کے اعلان کے بعد چین نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا خلا کو جنگی سرگرمیوں کا مرکز بنانے سے گریز کرے کیوں کہ خلا کو میدان جنگ بنانا پوری دنیا کے لیے تباہ کن ہوگا۔
Load Next Story