سندھ حکومت کا اسپتالوں کے اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنے کا فیصلہ

سندھ حکومت نے ضلع سطح پر ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں 12 رکنی نگران کمیٹی قائم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا

نگران کمیٹی سول اسپتال سے تعلقہ اسپتال،رورل ہیلتھ سینٹرز،ڈسپینسریزکاجائزہ لے گی،کمیٹی فنڈزسندھ حکومت سے لے گی فوٹو: فائل

سندھ میں صحت کی ابتر صورتحال کے پیش نظر سندھ حکومت نے ضلعی سطح پر اسپتالوں کی حالت بہتر کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا جب کہ سندھ حکومت نے اسپتالوں کے اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

سندھ حکومت نے اسپتالوں کے حالت بہتر کرنے کیلیے ضلعی حکومت، میونسپل کمیٹیز،محکمہ پاپولیشن سمیت تمام ضلعی اداروں کی مدد حاصل کرلی، سندھ حکومت نے ضلع سطح پر ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں12رکنی نگران کمیٹی قائم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔


نگران کمیٹی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون، ضلعی صحت افسر،ٹیکنیکل ہیڈ سول اسپتال ایم ایس، ضلعی پاپولیشن ویلفئیر افسر،ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی،ڈسٹرکٹ منیجر آئی ایچ ایس،کنٹونمنٹ ایگزیکیٹوو آفیسر،میونسپل کمشنر سمیت 12 ممبر شامل ہوںگے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نگران کمیٹی سول اسپتال سے تعلقہ اسپتال، رورل ہیلتھ سینٹرز اور ڈسپینسریز کا جائزہ لے گی،نگران کمیٹی اسپتالوں میں ادویات کی فراہمی مریضوں کو بہتر سہولت کی فراہمی کیلیے کام کرے گی جبکہ خستہ حال اسپتالوں کی مرمت اور بنیادی سہولت کی فراہمی کے لیے بھی پابند ہوگی۔

نگران کمیٹی میڈیکل و پیرا میڈیکل اسٹاف کی کمی کو پورا کرنے کیلیے بھی کام کرے گی،کمیٹی اسپتالوں کی بہتری کیلیے فنڈز بھی سندھ حکومت سے حاصل کرسکتی ہے۔
Load Next Story