ہرارےٹیسٹ زمبابوے نے پاکستان کو24 رنزسے ہرا دیا سیریز 11 سے برابر

زمبابوے نے 15 برس بعد پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میں فتح کا ذائقہ چکھا ہے۔

زمبابوے نے 1998 میں پشاور میں پاکستان کو کرکٹ بے بی نے ہرایا تھا۔ فوٹو : اے ایف پی

زمبابوے نے ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کو 24 رنز سے ہرا کر دو میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کردی۔

ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری دن پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 158 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی تو اسے جیت کے لئے مزید 106 رنز درکار تھے اور کپتان مصباح الحق 26 جبکہ وکٹ کیپر بیٹسمین عدنان اکمل 17 رنز کے مجموعی اسکور پر کریز پر موجود تھے۔ عدنان اکمل ٹیم کے مجموعے میں صرف پانچ رنز اضافے کے بعد بیس رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ نئے آنے والے بیٹسمین عبدالرحمان نے کچھ مزاحمت کی تاہم 16 رنز کے مجموعی اسکور پر وہ بھی ہمت ہار گئے ،وہ پنیاگارا کی بال پر میدان بدر ہوئے، عبدالرحمان کے بعد سعید اجمل کریز پر آئے لیکن وہ بھی مصباح الحق کا زیادہ دیر ساتھ نہ دے سکے اور 2 رنز بنا کر چتارا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ پاکستان نے کھانے کے وقفے تک8 وکٹوں کے نقصان پر دو سو سترہ رنز بنائے۔


کھانے کے وقفے کے بعد کھیل دوبارہ شروع ہوا تو مصباح الحق نے تیز رفتاری سے ہدف کی جانب پیش قدمی شروع کردی،238 رنز کے اسکور پر جنید خان بھی آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان کی جانب سے سب سے آخر میں بلے بازی کے لئے راحت علی میدان میں آئے لیکن ایک ہی رن کا اضافہ کرنے کے بعد وہ بھی میدان بدر ہوگئے اور اس طرح پاکستان کی پوری ٹیم 239 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔کپتان مصباح الحق 79 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔زمبابوے کی جانب سے چھتارا نے5 اور اتسیا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ویٹوری اور پنیاگارا کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

دوسرا ٹیسٹ ہارنے کے بعد دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی ہے جبکہ زمبابوے نے 15 برس بعد پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میں فتح کا ذائقہ چکھا ہے اس سے قبل 1998 میں پشاور میں پاکستان کو کرکٹ بے بی نے ہرایا تھا۔
Load Next Story