جج بہادر نہیں ہوں گے تو فیصلے مفادات کی بھینٹ چڑھ جائیں گے چیف جسٹس

ملک میں انصاف ملنا شروع ہوجائے تو نہ انتشار پھیلانے والے کامیاب ہوں گے اور نہ ہی کوئی دشمن کا آلہ کار بنے گا،چیف جسٹس

قانون کی نظر میں سب برابر ہیں، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ، چیف جسٹس فوٹو: ایکسپریس نیوز

چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ ملک میں انصاف ملنا شروع ہوجائے تو نہ انتشار پھیلانے کے خواہش مند افراد کبھی اپنی مقاصد میں کامیاب ہو پائیں گے اور نہ ہی کوئی دشمن کا آلہ کار بنے گا اگرجج بہادر نہیں ہوں گے تو فیصلے مفادات کی بھینٹ چڑھ جائیں گے


پشاور ہائی کورٹ میں انسانی حقوق ڈائریکٹوریٹ کے افتتاح کے موقع پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ عدل ہی ہے جو ہماری بقا كا ضامن ہے، اگر ہم معاشرے میں عدل كی شمع روشن ركھیں گے تو یہ ہماری تمام مشكلات كا خاتمہ كرے گی اور معاشرے میں قانون كی حكمرانی قائم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پشاور ہائی كورٹ میں انسانی حقوق ڈائریكٹوریٹ كا قیام نہ صرف تحقیق وتجزیے كے لئے انتہائی سود مند اور اہم ہو گا بلكہ یہ انسانی حقوق كی بہتری اور غریبوں کو انصاف کے حصول میں آسانی كی جانب ایک مفید قدم ثابت ہوگا۔

چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کا کہنا تھا کہ جب سے چیف جسٹس بنا ہوں من پسند افراد کو جج بنانے سے متعلق فہرستیں ملیں لیکن اگر ججز بہادر نہیں ہوں گے تو فیصلے مفادات کی بھینٹ چڑھ جائیں گے اور عدل کا نظام تباہ ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی نظر میں سب برابر ہیں، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں اور آئین کے اندر رہتے ہوئےعوام کو انصاف کی فراہمی عدلیہ کی ذمہ داری ہے۔
Load Next Story