چوہدری نثار کا گورنر سندھ کو دبئی میں ٹیلی فون استعفیٰ کے معاملے پر تبادلہ خیال

چوہدری نثار نے ایم کیوایم کے سینیٹر بابر غوری سے بھی رابطہ کرکے ایم کیوایم کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

گورنر سندھ نے وزیر داخلہ کو کراچی ٹارگٹڈ آپریشن سے متعلق متحدہ قومی موومنٹ کے تحفظات سے آگاہ کیا۔ فوٹو؛فائل

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے دبئی میں موجود گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کو ٹیلی فون کرکے استعفیٰ کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چوہدری نثار علی خان نے دبئی میں موجود گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے ٹیلی فونک رابطہ کے دوران کراچی کی صورتحال اور ان کے استعفی کے معاملے پر بات چیت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق گورنر سندھ نے وزیر داخلہ کو کراچی ٹارگٹڈ آپریشن سے متعلق متحدہ قومی موومنٹ کے تحفظات سے آگاہ کیا جب کہ چوہدری نثار نے ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرنے کا عندیہ بھی دیا۔


دوسری جانب وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایم کیوایم کے سنیٹر بابر غوری سے بھی رابطہ کرکے انہیں ایم کیوایم کے تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

ذرائع کے مطابق اس سے قبل وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے بھی ڈاکٹر عشرت العباد خان سے رابطہ کیا اور تحفظات دور کرانے کی یقین دہانی کرائی۔ مسلم لیگی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ وفاق کو گورنر سندھ سے کوئی شکایت نہیں وہ عہدے پر درست انداز میں کام کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن سے متعلق گورنر سندھ کی جانب سے وفاقی اور صوبائی حکومت کو ایم کیو ایم کے تحفظات سے آگاہ کیا گیا تھا تاہم ایوان صدر کی جانب سے کسی بھی قسم کا تسلی بخش جواب نہ ملنے پر انہوں نے اپنی جماعت کی اعلیٰ قیادت سے مشاورت کے بعد آج اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

Recommended Stories

Load Next Story