حنیف صدیقی کی صدرمملکت ممنون حسین سے ملاقات

حیدرآباد کے مسائل سے آگاہ کیا، ظفر شیخ کے ناراض کارکنوں سے رابطے

صدر پاکستان نے یقین دہانی کرائی کہ وہ حیدرآباد کے مسائل حل کرانے کیلیے اپنا کردار ادا کرینگے۔

ن لیگ حیدرآباد ضلع کے صدر محمد حنیف صدیقی نے ایوان صدر اسلام آباد میں صدر پاکستان ممنون حسین سے ملاقات کی۔

جس میں انھوں نے صدر پاکستان کو حیدرآباد شہر کے مسائل سے آگاہ کیا اور انھیں حیدرآباد کے مختلف اداروں اور ان میں تعینات افسران کے رویے سے متعلق آگاہ کیا۔ صدر پاکستان نے یقین دہانی کرائی کہ وہ حیدرآباد کے مسائل حل کرانے کیلیے اپنا کردار ادا کرینگے۔ مسلم لیگ صوبائی کونسل کے رکن ظفر شیخ نے حیدرآباد میں غیر فعال اور ناراض مسلم لیگی ورکرز اور رہنماوں سے رابطے کیے، انھوں نے فیصل اطہر راجپوت سے ملاقات کی جو جنرل الیکشن میں پارٹی ٹکٹ کی غیر منصفانہ تقسیم اور سید غوث علی شاہ کی جانب سے سینئر ورکرز کو نظر انداز کیے جانے پر کنارہ کش ہو گئے تھے۔




ملاقات کے دوران فیصل اطہر نے یقین دہانی کرائی کہ وہ مسلم لیگ کے پرچم تلے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ مسلم لیگ ن کی سینٹرل ایگزیکیٹو کمیٹی کے رکن صاحبزادہ شبیر حسن انصاری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ آل پارٹی کانفرنس کا انعقاد خوش آئند اقدام ہے جس سے قومی سلامتی اور امن و امان میں مدد ملے گی اور پوری دنیا کو ایک اچھا پیغام جائے گا۔ مسلم لیگی رہنما عبدالغنی نقشبندی نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف کی قیادت میں حکومت بحرانوں پر قابو پا لے گی۔
Load Next Story