ڈرون گرانے کا امریکی دعویٰ جھوٹا ہے ایران نے ویڈیو جاری کردی  

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز میں ایرانی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا

ویڈیو پاسداران انقلاب کی جانب سے سرکاری ٹیلی وژن پر جاری کی گئی۔ فوٹو : ویڈیو گریب

FAISALABAD:
امریکا کی جانب سے ایرانی ڈرون گرائے جانے کے صدر ٹرمپ کے دعوے کو جھوٹا ثابت کرنے کے لیے پاسداران انقلاب نے ڈرون کی وڈیو جاری کر دی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے سرکاری ٹی وی پر ایک ویڈیو دکھائی گئی ہے جس میں ایرانی ڈرون کو اس وقت بھی محو پرواز دیکھا جاسکتا ہے جس وقت امریکی صدر ٹرمپ کے بقول ڈرون گرایا جا چکا تھا۔




ایران کے سرکاری ٹیلی وژن کا کہنا ہے کہ ویڈیو پاسداران انقلاب کی جانب سے فراہم کی گئی، ویڈیو میں دیکھے جانے والے مناظر امریکی صدر کے دعووں کو بے سروپا ثابت کرنے کے لیے کافی ہیں۔

یہ خبر پڑھیں : امریکا کا آبنائے ہرمز میں ایرانی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ


یہ ویڈیو اسی ڈرون سے فلمائی گئی ہے جسے تباہ کرنے کا امریکی دعویٰ سامنے آیا تھا، ویڈیو میں وقت بھی دکھایا جا رہا ہے۔ ڈرون امریکی بحری بیڑے کی فلم بندی کرتا رہا اور بعد ازاں کامیابی سے واپس لوٹ آیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں : امریکا نے غلطی سے اپنا ہی ڈرون مار گرایا ہے، ایران


واضح رہے کہ چند روز قبل امریکی صدر نے ایران کے ڈرون کو مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا تاہم ایرانی نائب وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہمارے تمام ڈرون محفوظ ہیں ہوسکتا ہے امریکا نے اپنا ہی ڈرون غلطی سے مار گرایا ہو۔
Load Next Story