سری لنکا کرکٹ کے لیے نوگوایریا بنتے بنتے رہ گیا

خوفناک دہشتگردی کے باوجود 3 ماہ میں گراؤنڈزآباد، بنگلہ دیشی ٹیم پہنچ گئی

سربراہ مملکت کے جیسے حفاظتی انتظامات، ہوٹل پر بھی مسلح اہلکار تعینات۔ فوٹو: فائل

سری لنکا کرکٹ کے لیے نوگوایریا بنتے بنتے رہ گیا،خوفناک دہشتگردی کے باوجود 3 ماہ میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس لوٹنے لگی۔

رواں برس21 اپریل کو سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر ہونے والے دہشتگرد حملوں میں 250 سے زائد افراد ہلاک ہوئے، اس کے باوجود صرف 3 ماہ کے اندریہاں انٹرنیشنل کرکٹ کی سرگرمیاں بحال ہونے لگی ہیں، بنگلہ دیشی ٹیم گذشتہ روز سخت سیکیورٹی انتظامات میں کولمبو پہنچ گئی، یہ ایسٹر حملوں کے بعد آئی لینڈ پہنچنے والی پہلی بڑی غیرملکی ٹیم ہے۔

بنگال ٹائیگرز کو ویسی ہی سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے جو غیرملکی سربراہان مملکت کیلیے مختص ہے، ہوٹل پر بھی مسلح اہلکار تعینات کیے گئے جبکہ سفر کے دوران بھی وہ سیکیورٹی حصار میں ہوں گے۔


ایک پولیس آفیشل کا کہنا ہے کہ ہم نے میچ وینیوز پر بھی سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے ہیں، اس ٹور میں بنگال ٹائیگرز 3 ون ڈے میچز کھیلیں گے جوبالترتیب 26، 28 اور 31 جولائی کو پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

اسی طرح آئندہ ماہ نیوزی لینڈ کی ٹیم بھی 2 ٹیسٹ اور 3 ٹوئنٹی 20 میچز کیلیے آئی لینڈ کا رخ کرنے والی ہے، کیویز سے پہلا ٹیسٹ گال میں 14 اگست سے شیڈول ہے جبکہ دوسرے ٹیسٹ کی میزبانی کولمبو 22 اگست سے کرے گا، 3 ٹوئنٹی 20 میچز 31 اگست، 2 اور 6 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔

دریں اثنا روانگی سے قبل بنگلہ دیش کے قائم مقام کپتان تمیم اقبال نے کہاکہ ایک بڑا چیلنج بنگال ٹائیگرز کا انتظار کررہا ہے، 14 رکنی اسکواڈ میں آخری وقت میں کمر کی تکلیف کا شکار ہونے والے محمد سیف الدین کی جگہ پیسر تسکین احمد کو شامل کیا گیا جبکہ انجرڈ کپتان مشرفی کی جگہ آل راؤنڈر فرہاد رضا نے لی ہے۔

 
Load Next Story