اشیائے خورونوش کی قیمت سے متعلق ’پنجاب قیمت‘ ایپ کے استعمال میں اضافہ

چند ہفتوں میں 50 ہزارسے زائد موبائل فون صارفین ایپ کو ڈاؤن لوڈ کرچکے ہیں

ایپ کو روزانہ منڈیوں میں پھلوں ،سبزیوں اورگوشت کی قیمت کے مطابق اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے فوٹو: فائل

PESHAWAR:
اشیائے خورونوش، پھلوں اورسبزیوں کی قیمت سے متعلق آگاہی اورمقررہ قیمت سے زائد وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف شکایت کے لیے بنائی گئی پنجاب قیمت موبائل ایپ کا شہریوں میں استعمال تیزی سےبڑھ رہا ہے۔

پنجاب حکومت نے دکانداروں کے طرف سے اشیائے خورونوش، پھلوں، سبزیوں اورگوشت کی قیمت میں من مانے اضافے کی روک تھام اورقیمتوں میں اضافے کی افواہوں کے تدارک کے لئے متعارف کروائی گئی قیمت پنجاب موبائل کا استعمال تیزی سے بڑھ رہاہے۔ اس موبائل ایپ کی مددسے شہری اپنے فون پراشیا خور و نوش، پھلوں، سبزیوں اورگوشت کے تازہ ترین سرکاری ریٹ دیکھ سکتے ہیں، موبائل ایپ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی کی معاونت سے تیار کی گئی ہے، شہری اردو اور انگریزی زبان میں اس موبائل ایپ سے معلومات لے سکتے ہیں۔

پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ترجمان کے مطابق اس ایپ کو روزانہ منڈیوں میں پھلوں ،سبزیوں اورگوشت کی قیمت کے مطابق اپ ڈیٹ کیاجاتا ہے۔ شہری اپنے شہر اور تحصیل کے حساب سے کسی بھی جنرل اسٹور اور دکان پر اشیائے خور و نوش کی قیمت کا موازنہ ایپ میں دی گئی قیمت سے کرسکتے ہیں۔ اگر دکاندار یا اسٹور مالکان زیادہ قیمت وصول کررہے ہوں تو شہری اس سے متعلق اسی ایپ کی مدد سے شکایت درج کرواسکتے ہیں جس پر فوری کارروائی کی جاتی ہے۔




پنجاب قیمت ایپ استعمال کرنے والی ایک خاتون فاطمہ احمد نے بتایا کہ انہوں نے چند روز پہلے ہی یہ ایپ انسٹال کی تھی ، وہ لاہورکے ایک بڑے گراسری اسٹور سے خریداری کرتی ہیں۔ انہوں نے جب اسٹور کے بل پر درج قیمتوں کا ایپ کی قیمتوں سے موازنہ کیا تو قیمت ایک جیسی ہی تھی ۔ ایک اور خاتون عظمت آصف نے بتایا کہ پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں اور موبائل ایپ میں دی گئی قیمتوں میں فرق ہے۔ ریڑھی پر پھل اورسبزی بیچنے والے کہتے ہیں کہ ایپ میں دی گئی قیمت مارکیٹ کی ہیں، اب کسی ریڑھی والے کے خلاف موبائل ایپ پرکس طرح شکایت درج کرواسکتے ہیں کیونکہ اس کی دکان کا کوئی نام ہے نہ ہی مستقل ایڈریس ہوتا ہے۔



کینال روڈ لاہور پر واقع ایک سپر اسٹور کی انتظامیہ نے بتایا کہ سپر اسٹور میں فروخت ہونے والی زیادہ تر اشیا ایسی ہیں جن کی قیمتیں ہر روز تبدیل نہیں ہوتیں، جیسے ہی حکومت یا اشیا تیار کرنے والی کمپنی کسی چیز کی قیمت میں ردوبدل کرتی ہے ہم سافٹ ویئر میں اس چیز کی قیمت تبدیل کردیتے ہیں۔ تاہم تازہ پھلوں اورسبزیوں کی قمیتوں میں روزانہ اتارچڑھاؤ رہتا ہے۔
Load Next Story