راولپنڈیاسلام آباد موسلادھار بارش اور ژالہ باری سے موسم خوشگوار

جڑواں شہروں میں آئندہ 24 گھنٹے تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، محکمہ موسمیات

بارش کے باعث جہاں موسم خوشگوار ہوگیا ہے وہیں کئی علاقوں میں پانی گھروں میں بھی داخل ہوگیا ہے. فوٹو: فائل

جڑواں شہروں کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اتوار کی صبح سے ہی اسلام آباد اور راولپنڈی میں گہرے کالے بادل چھائے ہوئے تھے تاہم دوپہر کے وقت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش شروع ہوگئی جبکہ چند ایک علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی، بارش کا سلسلہ اب بھی وقفے وقفے سے جاری ہے۔


بارش کے باعث جہاں موسم خوشگوار ہوگیا ہے وہیں کئی علاقوں میں پانی گھروں میں بھی داخل ہوگیا ہے جس کے باعث ان علاقوں میں رہنے والے افراد کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے، دوسری جانب نالہ لئی میں بھی پانی کی سطح بتدریج بڑھ رہی ہے تاہم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نالہ لئی کی سطح میں اضافے سے فی الحال اطراف کی آبادیوں کو کوئی خطرہ نہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جڑواں شہروں کے مختلف مقامات میں آئندہ 24 گھنٹے تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔
Load Next Story