بھارتی اداکارہ کوئنا مترا کو 6 ماہ قید کی سزا

کوئنا مترا خود پر لگنے والے تمام الزامات کو مسترد کردیا

کوئنا مترا خود پر لگنے والے تمام الزامات کو مسترد کردیا۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

چیک باؤنس ہونے پر عدالت نے اداکارہ کوئنا مترا کو 6 مہینے قید کی سزا سناتے ہوئے کہا کہ وہ مقامی ماڈل پونم سیٹھی کو 4 لاکھ 64 ہزار روپے بھی ادا کریں جس میں تین لاکھ روپے اصل رقم ہے جب کہ 1 لاکھ 64 ہزار روپے، اس رقم پر چھ سال کے دوران واجب الادا ہونے والے سود کی ہے۔

یہ مقدمہ ممبئی کی مقامی عدالت میں 2013 سے زیرِ سماعت تھا جس میں ماڈل پونم سیٹھی نے الزام لگایا تھا کہ کوئنا مترا وقفے وقفے سے اس سے 22 لاکھ روپے قرضہ لے چکی ہے جبکہ قرضے کی قسط 3 لاکھ روپے کی رقم اس نے چیک کی صورت میں ادا کی جو باؤنس ہوگیا۔ پونم سیٹھی نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ کوئنا مترا کے خلاف فراڈ کے جرم میں کارروائی کی جائے اور اس کی رقم واپس دلائی جائے۔


چھ سال تک جاری رہنے والے اس مقدمے میں کوئنا کا کہنا تھا کہ پونم کی مالی حیثیت ایسی نہیں کہ وہ اسے قرضہ دے سکے، اور یہ کہ اس نے کوئنا کی دوستی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس کی دستخط شدہ چیک بک چوری کرلی تھی۔ طویل عرصے تک سماعت کے بعد عدالت نے کوئنا کا مؤقف مسترد کرتے ہوئے فیصلہ سنا دیا ہے جس کے مطابق کوئنا نہ صرف سود سمیت اصل رقم واپس کرے گی بلکہ دھوکا دہی کے جرم میں 6 ماہ تک جیل کی ہوا بھی کھائے گی۔

واضح رہے کہ کوئنا مترا کا شمار بالی ووڈ کی آئٹم گرلز میں ہوتا ہے جنہوں نے ''اپنا سپنا منی منی'' میں رتیش دیش مکھ کے مقابل کردار ادا کرنے کے علاوہ چند مزید فلموں میں سائیڈ کاسٹ کے طور پر، اور آئٹم نمبرز میں بھی اپنے فن کے جوہر دکھائے ہیں۔
Load Next Story