سی این جی بندش کا پرانا شیڈول بحال آج فلنگ اسٹیشنز کھلیں گے

شیڈول کی تبدیلی پر ٹرانسپوٹرز اور سی این جی ایسوسی ایشن نے کل ہڑتال کی کال واپس لے لی

ایسوسی ایشن کا وفد آج اسلام آباد میں وزیر پٹرولیم وچیئرمین اوگرا سے مسائل پر بات کریگا فوٹو: فائل

KARACHI:
سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے سندھ میں سی این جی بندش کا پرانا شیڈول بحال کردیا ۔

جس کے بعد سی این جی ایسوسی ایشن اور ٹرانسپوٹرز نے جمعرات کو ہڑتال کی کال واپس لے لی۔ سی این جی ایسوسی ایشن سندھ سرکل کے چیئرمین کے مطابق سی این جی ایسوسی ایشن کا وفد آج اسلام آباد میں وزیر پٹرولیم اور چیئرمین اوگرا سے ملاقات میں اپنے مسائل پر بات کرے گا۔ انہوں نے وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مداخلت کر کے سی این جی بندش کے حوالے سے مسئلہ حل کیا۔ دوسری جانب سوئی سدرن گیس حکام کے مطابق رواں ہفتے سندھ میں 2 بار 48گھنٹے کے لیے سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی سپلائی کا شیڈول تبدیل کر کے پرانا شیڈول بحال کردیا گیا۔




جس کے مطابق اب بدھ کی صبح 8 بجے سے سندھ کے تمام سی این جی اسٹیشنز کھل جائیں گے۔ ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق سندھ میں رواں ہفتے 24گھنٹے کے لیے سی این جی اسٹیشنز کو جمعرات اور ہفتے کی صبح بند کیا جائے گا۔ دوسری جانب سی این جی ایسوسی ایشن نے سندھ میں سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی بندش کا دورانیہ 3روز سے بڑھا کر 4 روز کیے جانے کے خلاف ہڑتال کا اعلان کیا تھا جو شیڈول کی تبدیلی کے ساتھ ہی واپس لے لیا گیا۔
Load Next Story