گورونانک کا جنم دن سکھ برادری کو ننکانہ سے واہگہ تک مذہبی جلوس کی اجازت

نگرکیرتن میں مقامی سکھ کمیونٹی کے علاوہ بھارت سے آئے ہوئے یاتری بھی شریک ہوں گے

پالکی صاحب جلوس جنم استھان ننکانہ صاحب سے یکم اگست کوشروع ہوگا فوٹو: فائل

پاکستان نے گورونانک دیوجی کے 550 ویں جنم دن کے حوالے سے سکھ برادری کو جنم استھان ننکانہ صاحب سے واہگہ بارڈر تک نگر کیرتن (مذہبی جلوس) کی اجازت دے دی ہے۔

نگر کیرتن کے حوالے سے متروکہ وقف املاک بورڈ ، پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی ، شرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی اوردہلی گوردوارہ مینجمنٹ کمیٹی کا اہم اجلاس جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں متروکہ بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عامر احمد، سیکرٹری شرائن طارق وزیر خان اور ڈپٹی سیکرٹری شرائنز عمران گوندل کے علاوہ پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردارستونت سنگھ، سیکرٹری سردار امیر سنگھ، بھارت کی شرومنی کمیٹی کے سربراہ سردار گوبند سنگھ لنگووال اور دیگر اراکین شریک ہوئے۔


پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے ذرائع کے مطابق اجلاس کا یک نکاتی ایجنڈا نگرکیرتن تھا۔ کئی گھنٹے جاری رہنے والے اجلاس میں پاکستان نے نگر کیرتن کی اجازت دے دی ہے، نگر کیرتن کے دوران گوروگرنتھ صاحب کا پالکی صاحب جلوس جنم استھان ننکانہ صاحب سے یکم اگست کوشروع ہوگا جو لاہور پہنچے گا اور پھر واہگہ بارڈر جائے گا۔ پالکی صاحب کے جلوس کو پاک بھارت زیرو لائن تک لے جانے کی اجازت دی گئی ہے اس کے بعد جلوس واپس جنم استھان ننکانہ صاحب لوٹ جائے گا۔

نگرکیرتن میں شرکت کے لئے پاکستان آئے 500 بھارتی سکھ یاتری واہگہ بارڈر سے واپس لوٹ جائیں گے اور پھر بھارتی حدود سے نگر کیرتن دوبارہ شروع ہوگا جو گولڈن ٹیمپل سری ہرمندر صاحب پہنچے گا۔ پاکستان اور بھارت کے مابین پہلی بار مشترکہ مذہبی جلوس برآمد کیا جارہا ہے۔

پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے حکام کے مطابق نگرکیرتن کا مقصد دنیا کو امن اور محبت کا پیغام دینا جب کہ دونوں ہمسایہ ملکوں میں تناؤ کو ختم کرنا ہے۔ نگر کیرتن کے حوالے سے بھرپورسیکیورٹی کے انتطامات کئے گئے ہیں۔
Load Next Story