ارمینہ خان زخمی ریچھ کے لیے مسیحا ثابت ہوئیں
ارمینہ خان نے ٹویٹر پر اسلام آباد کے زو کی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں زخمی ریچھ گرمی اور بھوک سے نڈھال حالت میں پڑا ہے اور اس کے ارد گرد کھانے پینے کی کوئی شے موجود نہیں۔ ویڈیو کے ساتھ اداکارہ نے لکھا کہ کیا کوئی شخص اس کی مدد کے لیے جا سکتا ہے؟ برائے مہربانی کچھ کریں یہ ریچھ دھیرے دھیرے تکلیف دہ موت مر رہا ہے یہ بہت خوف ناک ہے۔
ارمینہ خان نے اپنی دوسری ٹویٹ میں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس زخمی ریچھ کے حوالے سے عملی طور پر کچھ کرنے کی ضرورت ہے، ہم اس طرح خاموش نہیں بیٹھ سکتے کیوں کہ اللہ کی مخلوق مر رہی ہے کیا کوئی شخص مجھے صحیح نمبر مہیا کرسکتا ہے؟
اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ یا تو ہمیں ان جانوروں کو اس حالت میں چھوڑ دینا چاہیے یا پھر ہمیں اس کرپشن کے خلاف اُٹھ کھڑے ہونا چاہیے اور یہ چڑیا گھر بند کرنے کا مطالبہ کرنا چاہیے یا ان جانوروں کے لیے ایک تحفظ گاہ بنائی جائے، میں ابھی خود کو بے یارو مددگار محسوس کر رہی ہوں۔
ارمینہ نے ایک چینل کی ویڈیو شیئر کی اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے زو کو بند کرنے کی ضرورت ہے اور یہی راستہ ہے کہ وہاں جانا بھی بند کردیا جائے اسی وجہ سے ان لوگوں کو زو بند کرنا پڑے گا اور اگر ہم یہ نہیں کرتے توجانوروں کو تکلیف پہنچانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
آخری میں ارمینہ خان نے اپنی ایک اور ٹویٹ میں اچھی خبر سناتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی ویڈیو کے مطابق ریچھ کی حالت اب بہتر ہے اور وہ زندہ ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے شکریہ ادا کرتے ہوئے سوال کیا کہ اگرچہ یہ آپ کی ذمہ داری نہیں ہے اور نہ ہی یہ زو آپ کی حدود میں ہے لیکن سوال یہ ہے کہ زخمی ریچھ کا ذمہ دار کون ہے؟۔