بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں مزید 2 کشمیری نوجوان شہید

گزشتہ 4 دنوں میں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کی تعداد 7 ہوگئی

تین روزقبل بھی بھارتی فوج نے 4 نوجوانوں کو شہید کردیاتھا ، فوٹوفائل

لاہور:
مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کر کے مزید 2 نوجوانوں کو شہید کر دیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے دو الگ الگ واقعات میں سرچ آپریشن کے دوران ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ہے۔ شہید ہونے والے نوجوان مقامی یونیورسٹی کے طالب علم تھے۔

بھارتی فوج کی جارحیت کا پہلا مظاہرہ جنت نظیر وادی کے ضلع بارہ مولا کے علاقے سوپور میں دیکھنے میں آیا جہاں نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں گھرگھر تلاشی کے دوران فائرنگ کر کے ایک نوجوان کو شہید کر دیا۔


دریں اثنا ضلع شوپیاں میں بھی سرچ آپریشن کے دوران چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کردیا گیا، قبل ازیں اس علاقے میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک بھارتی فوجی زخمی بھی ہوا تھا جس کے بعد سرچ آپریشن کیا گیا تھا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے 4 نوجوان شہید

واضح رہے کہ تین روزقبل بھی بھارتی فوج نے ضلع بانڈی پورہ میں ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 نوجوانوں کو شہید کردیا تھا اس طرح گزشتہ 4 دنوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔
Load Next Story