عید پر صرف تین پاکستانی فلمیں لگیں گی

’پرے ہٹ لو‘، ’ہیر مان جا‘ اور’ سپرسٹار‘ میں مقابلہ ہوگا

’پرے ہٹ لو‘، ’ہیر مان جا‘ اور’ سپرسٹار‘ میں مقابلہ ہوگا

پاکستان میں ہمیشہ سے عیدکے پرمسرت موقع پر بڑی فلمیں ریلیز کی جاتی ہیں کیونکہ یہ خوشی کا وہ موقع ہوتا ہے جب ہر شخص سینما گھر جاکر تفریح کرنے کا خواہش مند ہوتا ہے۔ اسی وجہ سے فلموں کی تیاری بھی کافی عرصہ پہلے ہی شروع ہو جاتی ہے کیونکہ اب فلم کی ریلیزہی نہیں بلکہ اس سے پہلے پرموشن بھی سب سے اہم مرحلہ ہوتی ہے۔

سخت مقابلے کے باعث فلموں کی بہت زیادہ پرموشن کی ضرورت ہوتی ہے جس کے لئے لیڈکاسٹ کے ساتھ پروڈیوسر اور ڈائریکٹر کو بہت زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے۔ اس مرتبہ عیدالضحیٰ کے موقع پر تین پاکستانی فلمیں نمائش کے لئے پیش کی جارہی ہیں جن میں پرے ہٹ لو، ہیرمان جا اور'سپرسٹار'شامل ہیں۔ یہ تینوں فلمیں کراچی میں پروڈیوس کی گئیں۔ قابل افسوس پہلو یہ ہے اس بارعید قربان کی فلمی دوڑ سے لاہور مکمل طور پر آؤٹ ہو گا جس کی وجہ یہ ہے کہ عید پر لاہور میں تیارکی جانے والی کوئی بھی فلم نمائش کے لئے پیش نہیں کی جائے گی اور ان سب سے بڑی وجہ ایک اور بھی ہے گزشتہ کئی سالوں سے لاہور میں فلمسازی کا عمل ختم ہو چکا ہے لیکن بڑی عید پرفلمی حسیناوں میں بڑا مقابلہ ہوگا جس کا فلم بینوں کو بے چینی سے انتظار ہے۔

عید پر ریلیز ہونے والی ان فلموں میں مایا علی،حریم فاروق اور ماہرہ خان نے مرکزی کردار کئے ہیں جبکہ ان کے ساتھ کاسٹ میں بے شمار مقبول فنکار شامل ہیں۔ ان تمام فلموں کی تیاری پر کثیر لاگت آئی ہے کیونکہ اب فلم سازی ایک مہنگا عمل ہے۔ عید سے کافی عرصہ پہلے ہی ان کی پرموشن بھی شروع ہوچکی ہے جس کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر فلموں کے ٹریلر اور گانے پہلے ہی مقبولیت حاصل کرچکے ہیں۔

حریم فاروق، مایا علی اور ماہرہ خان کے دلکش رقص فلموں کی ریلیز سے قبل ہی مقبول ہوچکے ہیں۔ ان میں نمبر ون کون آتا ہے، اس کا فیصلہ چند دنوں بعد ہوجائے گا۔ قابل ستائش بات یہ کہ اس مرتبہ تینوں فلمی ہیروئنوں نے ماہر کوریو گرافروں سے باقاعدہ رقص کی تربیت لی ہے، جو سب سے زیادہ خوب صورت اعضاء کی شاعری پیش کرے گا، وہی فلم بینوں کے دل جیتنے میں کامیاب ہوگا۔ ویسے بھی گزشتہ چند برسوں کے دوران ریلیز ہونے والی فلموں میں اکثر فلم بینوں کو یہ شکایت رہتی تھی کہ جہاں فلم کے میوزک پرتوجہ نہیں دی گئی، وہیں رقص کا شعبہ بھی خاصا کمزور دکھائی دیتا ہے۔ جس کے برعکس پڑوسی ملک کی بات کریں تووہاں کام کرنے والی حسینائیں جہاں اداکاری سے دل جیت لیتی ہیں، وہیں ان کا رقص بھی کمال کا ہوتا ہے۔


اب زرا بات کریں فلموں کی تو نوجوان ہدایت کار اظفر جعفری نے اپنی نئی فلم ''ہیر مان جا'' میں حریم فاروق کے مدِمقابل علی رحمان کو کاسٹ کیاہے۔یہ فلم ''آئی ایم جی سی'' کے پلیٹ فارم سے ریلیز کی جارہی ہے۔ حریم فاروق اور علی رحمان کی جوڑی گزشتہ برس ریلیز ہونے والی فلم ''پرچی'' میں بھی جلوہ گر ہو چکی ہے۔ حریم فاروق اداکاری کے ساتھ فلم سازی کے عمل میں بھی کا میابی حاصل کر رہی ہیں۔ اس فلم کی جھلک اور گانوں کا بہت شاندار رسپانس مل رہا ہے۔ فلم میں علی رحمان اور حریم فاروق نے گیتوں پر شان دار رقص پیش کیا ہے۔ اس فلم کے ذریعے اداکارہ زاراشیخ کو بھی کافی عرصہ بعد بڑی سکرین پر دیکھ سکیں گے جن پر فلم کا ویڈنگ سانگ ''اڈی مار'' پکچرائز کیا گیا ہے اور اس گانے میں ان کی پرفارمنس بہت پسند کی جارہی ہے۔

معروف ہدایت کار احسن رحیم کی سپر ہٹ فلم ''طیفا اِن ٹربل'' میں دْھوم مچانے والی اداکارہ مایا علی نئی فلم ''پرے ہٹ لو'' میں شہریار منور کے مدمقابل جلوہ گر ہوں گی۔ قبل ازیں شہریار منور کی جوڑی ماہرہ خان کے ساتھ بھی فلموں میں پسند کی گئی اور اب وہ مایا علی کے ساتھ پرفارمنس کا جادو جگانے آ رہے ہیں۔ اس فلم کو نامور لکھاری عمران اسلم نے لکھا ہے، جب کہ اس کے ہدایت کار عاصم رضا ہیں۔ یہ فلم8 اگست کو پاکستان اور9 اگست کو دنیابھر میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیاہے۔ فلم میںماہرہ خان اور میرا نے بھی شاندار ڈانس پرفارمنس دی ہے۔ فلم کے پروڈیوسر شہریار منور کا کہنا ہے کہ فلم عید سے چند روز پہلے اس لئے ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ آٹھ اگست سے ویک وینڈ شروع ہوجائے گا جس کی وجہ سے زیادہ لوگوں کو یہ فلم دیکھنے کا موقع ملے گا۔

دوسری جانب اداکارہ ماہرہ خان ساتھی اداکار بلال اشرف کے ساتھ فلم ''سپر اسٹار'' میں جلوہ گر ہو رہی ہیں۔ ماہرہ خان نے اب تک بالی ووڈ کنگ شاہ رْخ خان، ہمایوں سعید، شہریار منور کے ساتھ فلموں میں بطور ہیروئن کام کیا۔ اب وہ مومنہ دْرید کی فلم ''سپر اسٹار'' میں بلال اشرف کے ساتھ کیا رنگ جمائیں گی۔ اس کے لیے بڑی عید تک انتظار کرنا ہوگا۔ فلمی صنعت سے متعلق بنائی گئی اس فلم میں ماہرہ خان نے انڈسٹری میں سپرسٹار بننے کا خواب لے کر آنے والی ایسی لڑکی کا کردار کیا ہے جسے قدم قدم پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اس فلم کے گانے اور ماہرہ خان کا ڈانس پہلے ہی مقبولیت حاصل کرچکا ہے۔

عیدالضحیٰ کے موقع پرنمائش کیلئے پیش کی جانے والی تین بڑے بجٹ کی فلمیں توشائقین کومتاثر کرنے کیلئے تیارہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ اگرجائزہ لیا جائے توپشتوزبان میں بننے والی فلمیں بھی سینما گھروں میں دھوم مچانے کیلئے تیارہیں۔ اس مرتبہ بھی پشتوفلموں کے معروف ہدایتکاروفلمساز نئی کہانیوں کے ساتھ سلورسکرین پرجلوہ گرہونگے۔ پشتوفلمیں جہاں خیبرپختونخواہ میں پسند کی جاتی ہیں، وہیں ان فلموں کوکراچی، بلوچستان اورافغانستان کے علاوہ مڈل ایسٹ میں بھی نمائش کیلئے پیش کی جاتی ہیں۔ اس مرتبہ بھی عیدالضحیٰ کے موقع پرپشتوفلموں کے زبردست بزنس کے امکانات ہیں۔

اس حوالے سے پاکستان فلم انڈسٹری کے سنجیدہ حلقوں کا کہنا ہے کہ عیدالفطرکے بعد عیدالضحیٰ پربھی فلموںکو کاروبار بہتررہتاہے۔ اس مرتبہ بھی نامور فنکاروں جس طرح سے فلم کی پروموشن کیلئے کوشش کی ہے ، اس کا نتیجہ اچھے رزلٹ کی صورت میں سامنے آئے گا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ جس تیزی کے ساتھ ملک بھرمیں سینما گھروں کی تعداد بڑھ رہی ہے، اگراسی طرح اب فلموں کی تعداد بھی بڑھنے لگے اورزیادہ سے زیادہ معیاری فلمیں نمائش کیلئے پیش کی جائیں تووہ وقت دورنہیں جب پاکستان میںفلم اورسینما انڈسٹری ماضی کی طرح دوبارہ اپنے پیروں پرکھڑی ہوجائے گی۔
Load Next Story