سندھ کابینہ امتحانات کھلے گراؤنڈ میں لینے اور سی سی ٹی وی مانیٹرنگ کا فیصلہ

اخبارات پر عائد3فیصد ٹیکس ختم کردیا، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ

اخبارات پر عائد3فیصد ٹیکس ختم کردیا، وزیراعلیٰ مراد علی شا فوٹوفائل

سندھ کابینہ نے امتحانات کھلے گراؤنڈ میں لینے اور سی سی ٹی وی مانیٹرنگ کا فیصلہ کیاہے۔

سندھ کابینہ نے اخبارات پر عائد3 فیصد سیلزٹیکس ختم کردیاگیا، سندھ کابینہ نے بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے سے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کے الیکٹرک کے خلاف قانونی چارہ جوئی میں لواحقین کی بھرپور معاونت کا اعلان کیا ہے صوبائی کابینہ نے نئے صوبوں کے قیام اور صوبوں کی حدود میں تبدیلی سے متعلق قومی اسمبلی میں آئینی ترمیم پیش کرنے کی پرزور مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ کسی طرح بھی اس ترمیم کی حمایت نہیں کی جائے گی کابینہ نے سندھ بینک کے خلاف منفی تاثر کو یکسر مسترد کرتے ہوئے فیصلہ کیاہے کہ سندھ حکومت مکمل طور پر سندھ بینک کو اون کرتی ہے۔

سندھ بینک کو مزید مستحکم کرنے کے لیے فوری طور پر 3ارب روپے سندھ بینک میں انجیکٹ کیے جائیںگے۔ کابینہ نے پراسیکیوٹر جنرل کا استعفیٰ منظور کرکے ڈاکٹر فیاض شاہ کو نیا ایڈووکیٹ جنرل مقرر کرنے کی منظوری دے دی، اجلاس میں تھر کے علاقے اسلام کوٹ تحصیل کے4700 خاندانوں کو 100 یونٹ مفت دیے جائیںگے کابینہ نے اسلحہ لائسنس کی تجدید میں چھٹی مرتبہ توسیع کرتے ہوئے 31 اگست 2019 تک کمپیوٹرائز نہ کرانے والوں کا اسلحے ضبط کرنے کی منظوری بھی دے دی ہے۔ کابینہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے کلسٹر بم حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے بھارتی سفیر کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ اس بات کا فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں کابینہ اجلاس میں کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنشنرز کی بائیومیٹرک تصدیق ہوگی تاکہ ان کی توثیق کی جاسکے اور اگر گھوسٹ پنشنرز پائے گئے تو انھیں ختم کیا جائے۔ پبلک اور پرائیویٹ آرگنائزیشن کو گرانٹ ملتی ہے۔

اس کے میکانزم کے لیے بھی نئے رولز بنائے گئے ہیں۔ سرکاری ملازمین کو جو قرضے دیے جاتے ہیں ان کے لیے بھی گائیڈ لائن بنائی گئی ہے اجلاس میں سندھ بینک کو سندھ لیزنگ کمپنی میں ضم کرنے پر بھی غور کیاگیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ حکومت جن اداروں کو گرانٹس دیتی ہے اگر وہ اپنے اکاؤنٹ سندھ بینک میں کھولیں تو بینک کی مالی حالت بہتر ہوجائے گی۔ سندھ کابینہ نے سندھ بینک کو 3 بلین روپے دینے کی منظوری دے دی۔ کابینہ نے پی پی موڈسپورٹ فیسیلیٹی کے سی ای او کی تقرری کرنے کا اختیار وزیراعلیٰ سندھ کو دے دیا۔

بلال شیخ کی جگہ سندھ لیزنگ کمپنی کا قائم مقام سی ای او کا عہدہ سی ایف او کو دینے کی منظوری دی،اجلاس میں سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کی توسیع کے معاملے پر غور کیاگیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سندھ اینگرو کول مائننگ نے بہترین کام کیا ہے۔جتنی کول مائننگ کی توسیع ہوتی جائے گی یہ تجارتی لحاظ سے بہتر ہوتا جائے گا۔ توسیع کے بعد 7.6 ایم ٹی کول ہر سال پیدا ہوگا اور 330 میگاواٹ بجلی کے مزید 2 پاور پلانٹس کام کرنا شروع کردیں گے۔کابینہ اجلاس کو بتایا گیا کہ جام شورو اور ٹھٹھہ کی کول فیلڈ رائلٹی اور محصول جمع کرتی ہیں۔ یہ قیمت کمیٹی کے6ممبرزطے کرتے ہیں جو سیکریٹری انرجی کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کمپیوٹرائز اسلحہ لائسنس کی تجدید کے معاملے پر غور کیاگیا اور اجلاس کو بتایا گیاکہ اسلحہ لائسنس کی کمپیوٹرائزیشن کے لیے 5بار توسیع دی جاچکی ہے، سندھ کابینہ نے اخبارات پر عائد 3 فیصد سیلز ٹیکس ختم کردیا ۔ وزیراعلیٰ نے سندھ بورڈ آف ریونیو کو نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت دے دی۔


وزیراعلیٰ نے کہاکہ سندھ حکومت پرنٹ میڈیا کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کی مسائل کے تدارک کے حوالے سے بھرپور مدد کرے گی۔ کابینہ اجلاس میں ڈیلیگیشن آف پاور ٹو آفیسرز آف ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی پر بھی غور کیاگیا۔کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ ایم ڈی اے کی زمین پر ہر قسم کے تجاوزات کو ہٹانے کا نوٹس لینے کا اختیار متعلقہ افسران کو دیاگیا ہے۔ ایم ڈی اے اپنی تمام پراپرٹی، تعمیر شدہ اور زمین خالی کرانے کے لیے نوٹس جاری کرے گی۔ کابینہ میں رینیول آف ایکسپائرڈ لیزز گرانٹڈ ان اولڈ سٹی آف کراچی کو زیر غور لایا گیا۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ کشور زہرا اور 4 دیگر ایم این ایز نے آئینی ترمیمی بل 2019 قومی اسمبلی میں پیش کیا ہے۔کابینہ نے کہا کہ صوبوں کی حدود تبدیل کرنا یا نئے صوبے بنانے کا بل قومی اسمبلی میں کیسے ایڈمٹ کیاگیا یہ انتہائی تشویش کی بات ہے۔

کابینہ نے اس بل / تجویز کو مسترد کردیا۔ سندھ کابینہ نے پراسیکیوٹر جنرل کا استعفیٰ قبول کرتے ہوئے ایڈووکیٹ فیاض شاہ کو نیا پراسیکیوٹر مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔ صوبائی محتسب کے ایکٹ 1991 میں ترمیم میں منظوری کے حوالے سے بتایا گیاکہ مذکورہ ترمیم کے تحت صوبائی محتسب کی تقرری وزیراعلیٰ کریں گے جبکہ پہلے یہ تقرری سندھ میں گورنر کررہے تھے ۔ کے پی کے اور پنجاب میں بھی صوبائی محتسب کی تقرری وزیراعلیٰ کرتا ہے۔ کابینہ کے اجلاس میں امتحانی اصلاحات کے معاملے پر غور کیاگیا اور فیصلہ کیا گیا کہ امتحان اوپن گراؤنڈ میں لیے جائیں اور امتحان کی مانیٹرنگ سی سی ٹی وی کے ذریعے کی جائے۔کابینہ نے پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی سے انسپکٹر آف فشریز کے اختیارات واپس لے لیے۔

سندھ کابینہ کو بتایاگیا کہ سندھ حکومت کے سوشل ویلفیئر یا انڈسٹریز ڈپارٹمنٹ میں 10592 این جی اوز/این پی اوز (نان پرافٹ آرگنائزیشن) رجسٹر ہیں۔ نوٹس اور وارننگ کا صرف 7414 این جی اوز / این پی اوزنے جواب دیا۔جو این جی اوز / این پی اوز جواب نہیں دے رہی ہیں اْن کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کی بھی کابینہ نے منظوری دے دی۔ سندھ کابینہ نے گرین لائن کو سرجانی ٹاؤن اور نمائش کے پروجیکٹ بی آر ٹی ایس کے لیے مختص کرنے کی منظوری دے دی۔ وزیر اعلیٰ نے کابینہ اجلاس میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کلسٹر بم کا استعمال انڈیا کی کھلی دہشت گردی ہے۔ اگر کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا ریکارڈ دیکھا جائے تو انڈیا پر وار کرائم کا کیس بنتا ہے۔

مشیر اطلاعات قانون واینٹی کرپشن سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہاہے کہ سندھ کابینہ نے اسلام کوٹ تھر کے 4700خاندانوں کو 100یونٹ بجلی مفت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس مد میں آنیوالے اخراجات سندھ حکومت خود برداشت کرے گی،وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت اگرکراچی کے لوگوں کے لیے کچھ کرناچاہتی ہے تو بہت اچھی بات ہے سندھ حکومتوفاق کی صفائی مہم میں ہرقسم کا تعاون کرنے کو تیار ہے مگر لگتا ہے کہ حکومت کے نفیس برادران نے کراچی میں اپنی ذمے داریاں ادا نہیں کیں۔

جس کی وجہ سے اب علی زیدی ان کی مدد کے لیے آئے ہیں۔ وزیر بلدیات سندھ اور مشیراطلاعات ہفتہ کی شام کابینہ اجلاس کے بعد نیو سندھ سکریٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔عہدے داروں نے کابینہ کے فیصلوں کے بارے میں میڈیا کو بریفنگ دی۔ مشیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے داخلہ ٹیسٹ خود لینے کافیصلہ کیاہے۔ سندھ کی جامعات میں پی ایم ڈی سی کے داخلہ ٹیسٹ کے انعقاد کی مخالفت کرتے ہیں۔ سندھ کابینہ نے صوبے بھرمیں کرنٹ لگنے سے اموات پر تشویش کااظہارکیاہے، سندھ میں تمام غیر فعال این جی اوز کے خلاف کارروائی کا اختیار سیکریٹری سماجی بہبود کو دیدیاگیا ہے۔ کراچی ماس ٹرانزٹ پروگرام کے تحت سندھ حکومت نے گرین لائن بس ڈپو کے لیے زمین منتقل کردی گئی ہے کیونکہ وزیراعظم نے ستمبر میں گرین لائن میٹرو بس شروع کرنے کا اعلان کیاتھا لیکن اب لگتانہیں ہے کہ وفاقی حکومت گرین لائن میٹروبس منصوبے میں سنجیدہ ہے۔ علی زیدی اپنے اورمیرے حلقے کو پاکستان کا سب سے گندا حلقہ قرار دے رہے ہیں۔

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ ہم نے جولائی میں 2لاکھ 90 ہزار ٹن کچرا لینڈ فل سائٹ پر پہنچایاہے،کراچی ہم سب کا شہر ہے سندھ حکومت مسائل کے حل کے لیے سب کیساتھ بیٹھنے کوتیارہے۔ پیراشوٹ انٹری کے ذریعے وفاقی حکومت کوآرڈینیشن خراب کررہی ہے ،بطور کراچی والا علی زیدی اور پی ٹی آئی کی کسی بات پریقین نہیں کیاجاسکتا۔ سعید غنی نے کہا کہ سندھ بینک کو کسی وجہ سے نشانہ بنایاگیااگر اس پیمانے پر جانچنا ہے تو سب بینکوں کو دیکھیں، سندھ بینک کا ریگولیٹر اسٹیٹ بینک ہے ،سندھ بینک نے کچھ غلط کیاہے تو اسٹیٹ بینک بھی بری الذمہ نہیں ۔
Load Next Story