دیگر ارکان کے پروڈکشن آرڈرز جاری ہونے تک پارلیمنٹ اجلاس میں نہیں آؤں گا شاہد خاقان

جمہوری اور قانونی حق کو بھیک بنانا کم ظرفی کی انتہاء ہے،شاہد خاقان عباسی

غیر پارلیمانی اور آمرانہ رویے کے سامنے سر نہیں جھکاؤں گا، شاہد خاقان فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کے سینیئر نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے دیگر زیر حراست ارکان اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہونے پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں احتجاجاً شرکت نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اہم ترین قومی مسئلے پر طلب کئے گئے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے لئے ارکان کے پروڈکشن آرڈرز جاری نہ کرنا شرمناک حرکت ہے، حکومت کی کشمیر سے یہ وابستگی ہے کہ ارکان اسمبلی کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے میں ٹانگیں کانپ رہی ہیں۔


سابق وزیر اعظم نے کہا ہے کہ جمہوری اور قانونی حق کو بھیک بنانا کم ظرفی کی انتہاء ہے، یہ کھلی ناانصافی، غیر پارلیمانی اور آمرانہ رویہ ہے جس کے سامنے سر نہیں جھکاؤں گا،دیگر ارکان اسمبلی کے پروڈکشن آرڈرز جاری نہیں ہوں گے تو میں بھی آرڈرز قبول نہیں کروں گا۔

واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے آصف زرداری، زاہد خاقان عباسی اور سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈرز جاری کئے تاہم رانا ثنا اللہ، علی وزیر اور محسن داوڑ کے پروڈکشن آرڈرز جاری نہیں کئے گئے۔
Load Next Story