مائیک ہیسن پاکستانی ٹیم کے ہیڈکوچ کی دوڑ میں شامل

بھارت اور بنگلہ دیش میں بھی شارٹ لسٹ ہوگئے، آئی پی ایل ٹیم کو چھوڑ دیا

گرانٹ فلاورٹائیگرز کے ساتھ منسلک ہونے کے خواہاں،اینڈی نے پھرانکارکردیا فوٹو: فائل

ہیڈ کوچنگ کی جاب کیلیے مائیک ہیسن ایک ساتھ 3 قطاروں میں لگ گئے، وہ بھارت اور بنگلہ دیش میں شارٹ لسٹ ہوچکے،اب پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ کی دوڑ میں بھی شامل ہو گئے،انھوں نے ایک بار پھر انٹرنیشنل لیول پر واپسی کیلیے آئی پی ایل ٹیم کنگز الیون پنجاب کو چھوڑ دیا۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے سابق ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اب نئے چیلنج کے طور پر کسی ایشیائی ٹیم کی کوچنگ کرنا چاہتے ہیں، اس مقصد کیلیے وہ پہلے ہی بھارت اور بنگلہ دیش میں درخواست دے چکے اور اب دلچسپی کا محور پاکستان بھی بن چکا ہے، پی سی بی نے بدھ کے روز مکی آرتھر سمیت پورے کوچنگ اسٹاف کو مزید توسیع دینے سے انکار کردیا،وہ جلد ہی اس حوالے سے اشتہار جاری کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، بورڈ سری لنکا سے اکتوبر میں شیڈول ٹیسٹ چیمپئن شپ سیریز سے قبل نئے ہیڈ کوچ کے تقرر کا خواہاں ہے۔


دلچسپ بات یہ ہے کہ مائیک ہیسن کو بھارتی ٹیم کی کوچنگ کیلیے 3 مضبوط امیدواروں میں سے ایک قرار دیا جارہا ہے، اگرچہ روی شاستری یہ ذمہ داری جاری کرنے کے خواہاں اور کپتان ویرات کوہلی کا ووٹ بھی ان کے ساتھ ہے،مگر ہیسن اور ٹام موڈی بھی درخواست دینے والے اہم امیدواروں میں شامل ہیں۔

مائیک ہیسن نے نیوزی لینڈ ٹیم کی 6 برس تک کوچنگ کے فرائض نبھائے، اس دوران انھوں نے اسے2015 ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچایا تھا، گذشتہ برس جون میں وہ اس ذمہ داری سے الگ ہوئے اور آئی پی ایل ٹیم کنگز الیون پنجاب کی کوچنگ سنبھالی،اب ہیسن نے اُسے چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے۔ ادھر بنگلہ دیش نے بھی انھیں شارٹ لسٹ کرلیا،کوچنگ حاصل کرنے کیلیے ان کا مقابلہ گرانٹ فلاور، پال فاربریس، رسل ڈومینگو اور چندیکا ہتھورا سنگھے سے ہوگا۔ بی سی بی کی خواہش اینڈی فلاور کو ذمہ داری سونپنے کی تھی مگر انھوں نے دوسری بار یہ پیشکش مسترد کردی۔
Load Next Story