بھارت مقبوضہ کشمیر کے معاملے سے توجہ ہٹانے کیلیے کچھ بھی کرسکتا ہے وزیراعظم

بھارت نے جنگ مسلط کی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا، وزیر اعظم کی اسلام آباد میں سینئر صحافیوں سے گفتگو

بھارت نے اپنا آخری کارڈ کھیل لیا ہے، وزیر اعظم ، فوٹو: فائل

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحدوں پر صورتحال مزید خراب ہونے کا امکان ہے۔

سینئر صحافیوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نریندر مودی ہٹلر کے راستے پر چل نکلا ہے، ایسا لگتا ہے بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کرنا چاہتی ہے جب کہ ایسا لگتا ہے ٹر مپ کی ثالثی کی پیشکش نے بھارت کو اس اقدام پر ابھارا، اب بھارت نے اپنا آخری کارڈ کھیل لیا ہے ہمیں خطرہ ہے بھات توجہ ہٹانے کے لیے کچھ بھی کرسکتا ہے۔


یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر کا معاملہ سلامتی کونسل میں لے جارہے ہیں، وزیر خارجہ

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدام پر مقبوضہ کشمیر سے ردعمل آئے گا، جب کرفیو اٹھایا جائے گا تو وادی کے اندر سے شدید ردعمل آئے گا، کشمیر کے حوالے سے ہمیں مغربی دنیا میں رائے عامہ ہموار کرنی ہے یہ رائے عامہ کی جنگ ہے جو ہمیں جیتنی ہے اس لیے موجودہ صورتحال میں میڈیا کا کردار بہت اہم ہے۔

عمران خان نے کہا کہ بھارت نے پلواما کے بعد کی صورتحال سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی تاہم پلواما واقعے کے بعد پہلی مرتبہ عالمی برادری میں ہمارے موقف کو سنا گیا، بھارت ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کو بلیک لسٹ کرانے کی کوشش کررہا ہے، ہم جنگ کا راستہ نہیں چاہتے لیکن لگتا ہے پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحدوں پر صورتحال مزید خراب ہونے کا امکان ہے۔
Load Next Story