دہشت گرد مشترکہ دشمن ہیں سیاسی جماعتیں حکومت کا ساتھ دیںقائم علی شاہ

دہشت گردی بڑھ گئی، ایسا لگتا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سستی کی، کڑی کارروائی کی جائے، امن و امان پر اجلاس

کراچی :وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ امن و امان سے متعلق اجلاس کی صدارت کررہے ہیں۔ فوٹو: اے پی پی

RAWALPINDI:
وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ دہشت گرد ہم سب کے مشترکہ دشمن ہیں، سیاسی جماعتیں امن و امان کے قیام کے لیے حکومت کا ہاتھ بٹائیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کڑی کارروائی کریں۔

بدھ کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں امن و امان سے متعلق اجلاس کی صدارت اور جماعت اسلامی کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے مزید کہا کہ کراچی میں امن و امان کا قیام ان کی اولین ترجیح ہے، مجرم کتنا ہی طاقت ور کیوں نہ ہو اس سے رعایت نہیں کی جائیگی۔ ملاقات کرنے والے وفد کی قیادت جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے کی۔ جماعت اسلامی کے وفد نے وزیراعلیٰ سندھ سے کراچی میں امن و امان کی صورت حال، سیاسی صورت حال، ووٹر لسٹوں میں موجود خامیوں اور بلدیاتی نظام سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔


وفد نے امن و امان کی صورت حال کی بہتری کے لیے وزیراعلیٰ سندھ کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ علاوہ ازیں امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے قائم علی شاہ نے کہا کہ رمضان المبارک کے بعد جرائم پیشہ افراد کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے اور ایسا لگتا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سست روی کا مظاہرہ کیا ہے۔

انھوں نے ہدایت کی کہ پولیس کے سینئر افسر مجرموں کے خلاف ٹھوس شواہد جمع کریں تاکہ وہ عدالتوں سے رہا نہ ہوسکیں۔ پولیس و رینجرز سپر ہائی وے اور نیشنل ہائی وے پر سیکیورٹی اور گشت میں اضافہ کریں اور دیگر حصوں سے شہر میں آنیو الوں پر کڑی نظر رکھیں۔قبل ازیں آئی جی سندھ پولیس، ڈی جی رینجرز، چیف سیکریٹری سندھ ، اے آئی جی کراچی اور دیگر افسران نے جولائی اور اگست کے دوران اپنی سرگرمیوں سے متعلق کارکردگی رپورٹس پیش کیں۔

Recommended Stories

Load Next Story