اسپین میں 63لاکھ ڈالرزکی لاٹری جیتنے والے شخص کا پتہ نہیں

ٹکٹ پر 63 لاکھ امریکی ڈالرز کا انعام نکلا ہے مگر ٹکٹ کے اصل مالک کا سراغ ابھی تک نہیں لگایا جا سکا، حکام

اگر 2 سال تک ٹکٹ کا اصل مالک نہین ملا تو انعامی رقم اس شخص کو دے دی جائے گی جسےوہ ٹکٹ دکان میں پڑا ملا تھا۔ فوٹو: سائنٹک امریکن/ فائل

KARACHI:
اسپین کے شہر لاکورونا میں ان دنوں لاٹری جیتنے والے ایک ایسے شخص کی تلاش جاری ہے جو ٹکٹ خریدنے کے بعد اسے ایک دکان میں بھول کر چلا گیا۔

غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق اسپین کے مشرقی شہر لاکورونا میں کسی شخص نے 30 جون 2012 کی قرعہ اندازی کے لیے لاٹری ٹکٹ خریدا مگر ایک لاٹری ایجنسی کے ایک ذیلی دفتر میں گرا کر چلا گیا، ٹکٹ وہاں موجود ایک دوسرے شخص کو ملا جس نے اسے دکان کے منیجر کو دے دیا، منیجر نے حکام سے رابطہ کیا اورٹکٹ ان کے حوالے کردیا۔


حکام کا کہنا ہے کہ ٹکٹ پر 63 لاکھ امریکی ڈالرز کا انعام نکلا ہے مگر ٹکٹ کے اصل مالک کا سراغ ابھی تک نہیں لگایا جا سکا اور نہ کسی نے ان سے ابھی تک رابطہ کیا ہے۔ ٹکٹ کے اصل مالک کو متعدد مرتبہ تلاش کرنے کی ناکام کوششوں کے بعد لاٹری کمپنی کے حکام نے اب شہری حکومت سے رابطہ کیا جس نے لاٹری کے مالک کی تلاش کے لیے اپنی ویب سائٹ پر اشتہار دے دیا ہے جس میں ٹکٹ کے اصل مالک کو کمپنی سے رابطہ کرنے کا کہا گیا ہے۔ حکام نے اشتہار میں جعل سازوں سے بچنے کے لیے یہ شرط بھی عائد کی ہے کہ ٹکٹ کے مالک کو اس شاپ کا پتہ اور تاریخ بتانی ہو گی جب یہ ٹکٹ خریدا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ٹکٹ کے اصل مالک کا 2 سال تک انتظار کیا جائے گا اور اگر وہ اس دوران نہیں ملا تو انعامی رقم اس شخص کو دے دی جائے گی جسے وہ ٹکٹ دکان میں پڑا ملا تھا۔
Load Next Story