وزیراعظم کی ذاتی رہائش گاہ بنی گالہ پر 215 سرکاری اہلکار تعینات

رہائش گاہ پر 129، باہر 75 ، چھت اور پہاڑ کی چوٹی پر11 اہلکار تعینات، اخراجات سرکاری خزانے سے ادا

اہلکاروں کی تعیناتی، آمدو رفت، کھانا، فیول اور رہائش کا خرچہ سرکاری خزانے سے ادا ہورہا ہے، وزارت داخلہ۔ فوٹو:فائل

لاہور:
وزیراعظم عمران خان کی ذاتی رہائش گاہ بنی گالہ پر تعینات ایف سی، پولیس اور اسپیشل برانچ کے اہلکاروں کی تعداد 215 نکلی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران مسلم لیگ (ن) کی مائزہ حمید نے سوال کیا کہ وزیر اعظم کی ذاتی رہائش گاہ پر کتنا سیکیورٹی عملہ تعینات ہے؟ جس پر وزارت داخلہ کی جانب سے وزیر اعظم کی بنی گالہ میں ذاتی رہائش گاہ پر تعینات سیکیورٹی اہلکاروں کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کردی گئیں۔


وزارت داخلہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی بنی گالہ رہائش پر ایف سی، پولیس اور اسپیشل برانچ کے مجموعی طور پر 215 اہلکار تعینات ہیں جن میں سے وزیر اعظم کی ذاتی رہائش گاہ پر 129 سیکیورٹی ڈویژن کے اہلکار، بیرونی حصار پر 75 پولیس اہلکار تعینات ہیں، رہائش گاہ کی چھت اور قریبی پہاڑ کی چوٹی پر 11 پولیس اہلکار تعینات ہیں۔

تحریری جواب میں کہا گیا کہ وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر اسپیشل برانچ کے 11، کوئیک رسپانس فورس کے 32 اہلکار، ایف سی کے 63 اہلکار گشت پر اور 12 پہاڑ کی چوٹی پر ہیں جب کہ بنی گالہ رہائش گاہ کے لیے پولیس کی 4 پک اپ اور 1 موٹر سائیکل بھی موجود ہے۔

سیکیورٹی پر مامور تمام اہلکار تین شفٹوں میں کام کرتے ہیں اور ان اہلکاروں کی تعیناتی، آمدو رفت، کھانا، فیول اور رہائش کا خرچہ سرکاری خزانے سے ادا ہورہا ہے۔
Load Next Story