نبیل گبول کیخلاف قتل کا مقدمہ کھلی سیاسی انتقامی کارروائی ہے الطاف حسین

نبیل گبول گزشتہ کئی روز سے اسلام آبادمیں ہیں، حکومت سندھ ایم کیوایم کے خلاف انتقامی کارروائیاں کررہی ہے، الطاف حسین

نبیل گبول کے خلاف قتل کامقدمہ واپس لیاجائے، الطاف حسین کا مطالبہ فوٹو: فائل

GILGIT:

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے رکن قومی اسمبلی نبیل گبول کے خلاف کالعدم پیپلزامن کمیٹی کے رہنما ظفر بلوچ کے قتل کا مقدمہ درج کئے جانے کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے کھلی سیاسی انتقامی کارروائی قراردیاہے۔



لندن سے جاری اپنے ایک بیان میں الطاف حسین کا کہنا تھا کہ چندروزقبل بھی ایم کیوایم کے سابق رکن سندھ اسمبلی ندیم ہاشمی پر اسی طرح پولیس اہلکاروں کے قتل کاجھوٹا مقدمہ قائم کیاگیاتھامگران کے خلاف الزام ثابت نہ ہوسکا اور آج ایم کیوایم کے رکن قومی اسمبلی نبیل گبول پر ظفر بلوچ کے قتل کامقدمہ قائم کیاگیاہے، وہ گزشتہ کئی روز سے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی غرض سے اسلام آبادمیں مقیم ہیں، اس مقدمہ سے صاف ظاہر ہوتاہے کہ حکومت سندھ ایم کیوایم کے خلا ف انتقامی کارروائیاں کررہی ہے۔


الطاف حسین نے مطالبہ کیاکہ رکن قومی اسمبلی نبیل گبول کے خلاف قتل کامقدمہ واپس لیاجائے اورایم کیوایم کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ بندکیاجائے۔ واضح رہے کہ 2 روز قبل لیاری میں قتل ہونے والے کالعدم پیپلز امن کمیٹی کے رہنما ظفر بلوچ کے والد نے اپنے بیٹے کے قتل کا مقدمہ نبیل گبول کے خلاف درج کرایا ہے۔

Load Next Story