عید کے موقع پر افغان طالبان نے 76 قیدیوں کو رہا کردیا

قیدیوں کی آزادی کو افغان طالبان کی جانب سے اظہارِ خیر سگالی قرار دیا جارہا ہے

افغان طالبان اور امریکا میں امن مذاکرات کے جلد ہی نتیجہ خیز ہونے کی امید ہے۔ (فوٹو: رائٹرز)

عیدالاضحی کے موقع پر افغان طالبان کے سربراہ ہیبت اللہ اخوندزادہ نے 76 قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دیا ہے جو افغانستان کے صوبوں اروزگان، قندوز، خوست اور سرِ پُل میں افغان طالبان کی قید میں تھے۔

افغان طالبان کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کے علاوہ بھی بہت سے دوسرے قیدیوں کو جلد آزاد کیا جائے گا جو افغانستان کے دوسروں صوبوں کی افغان جیلوں میں موجود ہیں۔


بیان کے مطابق، آزاد کیے گئے قیدیوں میں سے 18 صوبہ اروزگان سے، 35 قندوز سے، 15 خوست سے جبکہ 8 قیدی سرِ پُل صوبے کی طالبان جیلوں میں قید تھے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: امریکا سے چند روز میں امن معاہدہ طے پانے کی امید ہے، ترجمان افغان طالبان

واضح رہے کہ طالبان کی جانب سے یہ اعلان ایک ایسے وقت پر کیا گیا ہے جب امریکا اور طالبان میں امن معاہدہ ہونے کی امید ہے جبکہ افغان طالبان اور امریکی حکام میں جلد ہی مذاکرات کا اگلا دور شروع ہونے کی توقع ہے۔
Load Next Story