تفرقہ پیدا کرنے کے لیے ملک کے سربراہ ہی کافی ہیں شہباز شریف

ابھی بھی وقت ہے ہوش کے ناخن لیں زیر اور زبر کی بجائے جمع کریں، اپوزیشن لیڈر

ہمیں ٹرمپ کا پیسہ نہیں اللہ کی مدد چاہیے، شہبازشریف فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ تفرقہ پیدا کرنے کےلیے ملک کے سربراہ ہی کافی ہیں۔

ماڈل ٹاؤن لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹریٹ میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ قائد اعظم کی قیادت میں ہم نے پاکستان جیسی نعمت حاصل کی، پاکستان حاصل کرنے کے لیے ہزاروں افراد نے جام شہادت نوش کیا۔


شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام دن رات شہید ہورہے ہیں، نریندر مودی ہزاروں مسلمانوں کا قاتل ہے، وہ پاکستان کے ساتھ ہروقت محاذ آرائی چاہتا ہے، اس نے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضے کا خواب دیکھا ہے، پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، قائداعظم نے کہا تھا کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور مودی نے ہماری شہ رگ پر ہاتھ ڈالا ہے۔ جب تک اپنی شہ رگ سے مودی کا ہاتھ نہ ہٹا لیں چین سے نہیں بیٹھیں گے

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ بڑے بڑے کارناموں سے بھری پڑی ہے، 1965میں پاکستان نے بھارت کا حملہ پسپا کیا، سابق امریکی صدر بل کلنٹن نے نواز شریف کو 5 ارب ڈالر کی پیشکش کی تھی لیکن انہوں نے امریکی صدر کی پیشکش ٹھکرا کر ایٹمی دھماکے کیے،نوازشریف نے6ایٹمی دھماکے کرکے دشمن کے دانت کھٹے کردیئے، فروری2019میں بھی پاکستانی شاہینوں نے بھارتی حملہ پسپا کیا۔ کشمیر پاکستان بنے گا اور ہم کشمیریوں کو ان کا حق دلائیں گے، اس کے لیے صرف باتوں سے کام نہیں چلےگا، ہمیں ٹرمپ کی طرف نہیں دیکھنا بلکہ اللہ سے مدد مانگنی ہے، ہمیں ٹرمپ کا پیسہ نہیں اللہ کی مدد چاہیے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایسی کوئی بات نہیں کرنا چاہتا جس سے تفرقہ پیدا ہو، تفرقہ پیدا کرنے کےلیے ملک کے سربراہ کافی ہیں، ابھی بھی وقت ہے ہوش کے ناخن لیں، زیراورزبر کی بجائےجمع کریں۔
Load Next Story