کرس گیل نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ پر یوٹرن لے لیا

بھارت کے خلاف تیسرے اور آخری ون ڈے کو کرس گیل کا الوداعی میچ سمجھا جارہا تھا

بھارت کے خلاف تیسرے اور آخری ون ڈے کو کرس گیل کا الوداعی میچ سمجھا جارہا تھا فوٹو:فائل

کرس گیل نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ پر ایک بارپھر یوٹرن لیتے ہوئے مزید کھیلنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

پورٹ آف اسپین کے اوول گراؤنڈ پر بھارت کے خلاف تیسرے اور آخری ون ڈے کو کرس گیل کا الوداعی میچ سمجھا جارہا تھا۔ اس میچ میں شرکت کے ساتھ وہ برائن لارا کا سب سے زیادہ ون ڈے میچوں میں شرکت کا ریکارڈ بھی توڑنے میں کامیاب رہے۔

دوسرے میچ میں انہوں نے برائن لارا کا ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز دس ہزار چار سو پانچ رنز کا ریکارڈ بھی اپنےنام کیا تھا۔ اس میچ میں ان کے لیے تین سو ایک نمبر کی شرٹ بھی خصوصی طورپر تیار کروائی گئی تھی۔


گیل 41 گیندوں پر جب 72 رنز بنا کر جارہے تھے تو انہوں نے بھارتی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملایا اور پویلین واپسی پر بیٹ کے ساتھ ہیلمٹ کو بھی لہرایا۔ اس موقع پر شائقین نے تالیاں بجاکر انہیں گراؤنڈ سے رخصت کیا۔ کرس گیل نے بیٹ کے ساتھ ہیلمٹ کو بھی لہرایا۔

میچ کے بعد کرس گیل نے کہا کہ انہوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا، وہ اگلے نوٹس تک ویسٹ انڈیز کے لیے دستیاب ہوں گے۔ اس سے پہلے گیل نے ورلڈکپ کو اپنا آخری ایونٹ قرار دیاتھا تاہم ورلڈکپ کی آخری پریس کانفرنس میں انہوں نے بھارت کےخلاف ہوم سیریز کھیلنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔

گیل اب تک تین سو ایک روزہ میچوں میں دس ہزار چار سو اسی رنز بنانے میں کامیاب رہے ہیں، جس میں پچیس سنچریاں اور 54 نصف سنچریاں شامل ہیں۔وہ ون ڈے میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے واحد ویسٹ انڈین بلے باز بھی ہیں ۔ ورلڈکپ دوہزار پندرہ میں زمبابوے کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیاتھا۔
Load Next Story