ایرانی آئل ٹینکر کو رہا کرنے کے حکم کے باوجود امریکا ہٹ دھرمی پر قائم

جبرالٹر کی سپریم کورٹ نے 43 دن سے زیر تحویل ایران کے تیل بردار بحری جہاز کو فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا

ایرانی بحری جہاز جبرالٹر کے پانیوں پر 43 دن سے برطانیہ کے زیر تسلط ہے۔ فوٹو : فائل

جبرالٹر کی عدالت عظمیٰ کی جانب سے ایرانی تیل بردار بحری جہاز کو رہا کرنے کے حکم کے باوجود امریکا نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئل ٹینکر کی گرفتاری کے لیے وارنٹ جاری کردیئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کے محکمہ انصاف کی جانب سے ایران کے تیل بردار بحری جہاز ''گریس-1'' کی گرفتاری کے لیے وارنٹ جاری کردیئے ہیں جس سے ایک نئے تنازع نے سر اُٹھالیا ہے۔


امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی آئل ٹینکر پاسداران انقلاب کی ملکیت ہے جس پر امریکا نے پابندیاں عائد کررکھی ہیں اور یہ جہاز شام کو تیل کی فراہمی کر کے امریکی مالیاتی نظام پر ضرب لگانے کی کوشش میں ملوث ہے۔

یہ خبر پڑھیں : جبرالٹر کی عدالت نے ایرانی بحری جہاز کو رہا کرنے کا حکم دے دیا


جبرالٹر کی سپریم کورٹ نے گزشتہ روز ہی امریکی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے ایرانی آئل ٹینکر کی فوری رہائی کے لیے جبرالٹر پولیس اور برطانوی سیکیورٹی فورس کو حکم جاری کیا تھا اور بحری جہاز اپنی منزل کی جانب روانگی کی تیاری کر رہا تھا۔

واضح رہے کہ برطانوی نیول کے اہلکاروں نے ایران کے تیل بردار بحری جہاز کو یورپی یونین کی جانب سے عائد پابندی کے باوجود شام کو تیل سپلائی کرنے کے الزام میں 43 روز قبل تحویل میں لیا تھا۔
Load Next Story