سانحہ پشاور کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے جاری ٹائر نذر آتش

دہشت گردوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے، مظاہرین کا مطالبہ

دہشت گردوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے، مظاہرین کا مطالبہ۔ فوٹو اے ایف پی

پشاور میں خود کش دھماکوں کے خلاف مسیحی برادری اورسول سوسائٹی سراپااحتجاج ہیں، مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی جارہی ہیں، جبکہ مشتعل افراد نے جگہ جگہ ٹائر جلا کر سڑک بلاک کر رکھی ہے۔

لاہورکے مختلف علاقوں میں مسیحی برادری کی جانب سے مظاہرے کئےجارہےہیں، مسیحی براداری کے ارکان نے بھٹہ چوک پر شدید احتجاج کرتے ہوئے مسیحی برادری کے تحفظ اور دہشت گردوں کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے، مظاہرین نے ٹائروں کو آگ لگا کر روڈ بلاک کردی جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ راولپنڈی میں بھی مسیحی برادری کی بڑی تعداد کا فیض آباد کے قریب شاہراہ اسلام آباد پر احتجاج جاری ہے، احتجاج میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شریک ہے، شرکا نے ڈنڈے اور بینرز اٹھا رکھے ہیں۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں سانحہ پشاور کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لئے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، مظاہرین نے دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، حیدرآباد میں نامعلوم افراد نے علی الصبح ٹائر جلا کر اور پتھراو کر کے سڑکیں بلاک کردیں، مظاہرین نے لطیف آباد نمبر 5 میں نامعلوم افراد نے زبردستی بازار بند کرا دیئے۔


ملتان میں مسیحی برادری اورمختلف سماجی تنظیموں کی جانب سے پریس کلب سے بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا، جبکہ ہارون آباد اور بہاولپور میں مسیحی برادری نے کرسچین کالونی کے چرچ سے احتجاجی ریلی نکالی، خانیوال کےعلاقے کچا کھوہ میں بھی مسیحی برادری نے احتجاج کرتے ہوئے مین جی ٹی روڈ بلاک کردی، مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت اقلیتی برادری کو سیکورٹی دینے میں ناکام ہوگئی ہے جس کا ثبوت پشاورمیں ہونے والا خود کش دھماکا ہے، مظاہرین نے دہشت گردوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز کوہاٹی گیٹ میں واقع گرجا گھر میں یکے بعد دیگرے دو خودکش دھماکوں کے نتیجے میں 80 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ 150 افراد زخمی ہوگئے۔

https://www.dailymotion.com/video/x151cpn_protest-against-peshawar-blast_news

Recommended Stories

Load Next Story