مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سیکیورٹی فورس کے افسر نے خود کشی کرلی

پست ہمتی اور ذہنی دباؤ کے باعث مقبوضہ کشمیر میں 2017 سے تاحال 440 اہلکار خودکشی اور آپس کے جھگڑے میں ہلاک ہوچکے ہیں

کم ہمتی اور ذہنی دباؤ کے باعث مقبوضہ کشمیر میں 2017 سے تاحال 440 اہلکار خود کشی کرچکے ہیں۔ فوٹو : فائل

مقبوضہ کشمیر میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اسسٹنٹ کمانڈنٹ نے سرکاری رائفل سے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی 40 ویں بٹالین کے 33 سالہ اسسٹنٹ کمانڈنٹ اروند نے نامعلوم وجوہات کی بناء پر خود کو گولی مار کر ہلاک کرلیا۔ وہ حال ہی میں تامل ناڈو سے مقبوضہ کشمیر کے ضلع اسلام آباد میں تعینات ہوئے تھے۔


ساتھی اہلکاروں نے اروند کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا تھا جہاں دوران علاج وہ دم توڑ گیا، لاش کو ضروری کارروائی کے بعد آبائی گاؤں روانہ کردیا گیا جب کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی پست ہمتی اور ذہنی دباؤ کے باعث خودکشی اور معمولی جھگڑے پر ساتھی اہلکاروں کو قتل کرنے کے واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، 2017 سے تاحال 440 اہلکار خودکشی اور آپس کے جھگڑے میں ہلاک ہوئے۔
Load Next Story