پاک بھارت کرکٹ تعلقات فوری بحال کیے جائیں مصباح

دونوں جانب کی اتھارٹیز سے باہمی مقابلے شروع کرنے کی درخواست کرتا ہوں،کپتان قومی کرکٹ ٹیم

شائقین کی طرح کرکٹرز بھی ان ہائی وولٹج مقابلوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ فوٹو: آئی سی سی/گیٹی امیجز/فائل

لاہور:
مصباح الحق نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ تعلقات کی فوری بحالی پر زور دیا ہے۔

انھوں نے کہاکہ میں دونوں جانب کی اتھارٹیز سے باہمی مقابلے شروع کرنے کی درخواست کرتا ہوں، شائقین کی طرح کرکٹرز بھی ان ہائی وولٹج مقابلوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ کپتان مصباح الحق نے حال ہی میں چیمپئنز لیگ کے کوالیفائنگ رائونڈ میں فیصل آباد وولفز کی قیادت کی جو3 میں سے2 میچز ہار کر ایونٹ سے باہر ہوئی۔ ان مقابلوں کے لیے بھارت میں گزارے گئے چند روز نے مصباح کی دسمبر جنوری میں کھیلی جانے والی مختصر سیریز کی یادیں تازہ کردیں،اس لیے انھوں نے فوری طور پر دونوں ممالک میں کرکٹ تعلقات کی بحالی کا مطالبہ بھی کردیا۔




ایک بھارتی اخبار کو انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ میںروایتی حریفوں کے کرکٹ تعلقات کی بحالی کا بے چینی سے منتظر ہوں، میں انھیں آپس میں کھیلتا نہ دیکھ کر خود کو کافی مایوس محسوس کرتا ہوں، میری دونوں جانب کی اتھارٹیز سے درخواست ہے کہ پاک بھارت کرکٹ کو جلد سے جلد بحال کیا جانا چاہیے، یہ نہ صرف پلیئرز اور کرکٹ بلکہ خود دونوں ممالک کے تعلقات کیلیے بھی کافی اہم ہے۔ 39 سالہ مصباح بھارتی میزبانی سے بھی کافی خوش دکھائی دیے، انھوں نے کہاکہ ہم نے ہمیشہ پڑوسی ملک میں کھیل کر لطف اٹھایا، وہ ٹور کرنے کیلیے ایک بہترین ملک اور وہاں کی میزبانی لاجواب ہے۔ انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام بھی باہمی مقابلوں کی کمی شدت سے محسوس کررہے ہیں، شائقین کی طرح ہم کرکٹرز بھی ان سنسنی خیز مقابلوں سے کافی لطف اٹھاتے ہیں، یہ میچز پوری دنیا میں سب سے زیادہ دیکھے جاتے ہیں۔
Load Next Story