ساف فٹبال میں شکست بنگلہ دیشی پلیئرز کے انٹرویوز مکمل

کھیل میں عدم دلچسپی کا اظہار کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی تجویزدی جائے گی

رواں ماہ کے اوائل میں منعقدہ چیمپئن شپ میں بنگلہ دیشی ٹیم اپنے گروپ میں سب سے آخری پوزیشن پر آئی تھی۔ فوٹو: فائل

ساف چیمپئن شپ میں ناکامی کی تحقیقات کرنے والی بنگلہ دیش فٹبال فیڈریشن کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے پلیئرز سمیت متعلقہ افراد سے انٹرویوز مکمل کرلیے ہیں۔

کنوینر بادل رائے کا کہنا ہے کہ وہ ایونٹ کے دوران کھیل میں عدم دلچسپی لینے والے ہر شخص کے خلاف سخت کارروائی کی تجویز دینگے، رواں ماہ کے اوائل میں منعقدہ چیمپئن شپ میں بنگلہ دیشی ٹیم اپنے گروپ میں سب سے آخری پوزیشن پر آئی تھی، بی ایف ایف کی کمیٹی نے قومی ٹیم کے ساتھ مختلف حیثیتوں سے تعلق رکھنے والے 30 افراد سے انٹرویو کیے۔ بادل رائے نے بی ایف ایف حکام کو بتایا کہ ہم نے متعلقہ افراد سے انٹرویو مکمل کرلیے جس کے بعد سفارشات پیش کرینگے۔

انٹرویو کے آخری روز کمیٹی نے اسٹرائیکر شخاوت حسین رونی سے ملاقات کی، ان پر ٹورنامنٹ میں شرکت سے قبل انجریز چھپانے کا الزام ہے، رائے نے کہاکہ ہم نے رونی کیخلاف الزامات کو اٹھایا لیکن انھوں نے اسے تسلیم نہیں کیا اور ہمیں بتایا کہ ٹورنامنٹ میں شرکت کیلیے ٹیم کی ڈھاکا سے کٹھمنڈو روانگی سے قبل وہ فٹ تھے ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہاہ بھارت کیخلاف میچ سے قبل انھیں وارم اپ ہونے کیلیے بہت کم وقت دیا گیا اور یہی ان کی انجری کا سبب ہوسکتا ہے۔




نیپال کیخلاف پہلے میچ کے دوران بطور متبادل کھلاڑی کھیلنے والے رونی نے کہاکہ ٹورنامنٹ سے قبل مجھے کوئی انجریز نہیں تھیں، ٹرینر نے مجھے فٹ ہونے کا سرٹیفیکٹ دیا تھا، میچ کے اختتام تک گیند حاصل کرنے کیلیے مجھے طویل انتظار کرنا پڑا جس سے میرے ران کے پٹھے کھنچ گئے۔ دریں اثنا میچز کے دوران اپنی کوششوں پر تنقید کا سامنا کرنیوالے زاہد حسین کمیٹی کو اپنے تاثرات بیان کرنے میں ناکام رہے جس نے رائے کو پریشانی میں مبتلا کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ زاہد ہمارا اجلاس ختم ہونے کے بعد پہنچے جس کی وجہ سے ہم نے ان سے انٹرویو نہیں کیا، وہ اس سے ایک دن پہلے بھی غیر حاضر تھے، ٹورنامنٹ کے دوران ان کے رویے اور حالیہ باتیں یقیناً ہماری سفارشات میں شامل ہوں گی۔ زاہد نے اپنے دفاع کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انھیں اپنے عام اسٹائل کے بجائے مختلف طرز سے کھیلنا پڑا اور ذہنی کوفت کی وجہ سے ٹورنامنٹ میں بہتر کارکردگی نہ دکھا سکے۔ نیپال اور پاکستان کیخلاف صرف پہلے ہاف میں کھیلنے والے زاہد کہتے ہیں کہ کوچ نے جس طرح مجھے کھیلنے پر مجبور کیا وہ میرا انداز نہیں تھا، میں اس طرح کے دباؤ میں فٹبال کھیلنے کا عادی نہیں ہوں، میں نے کوچ سے اس بارے میںبات چیت بھی کی تھی، زاہد کو ٹورنامنٹ میں بھارت کیخلاف میچ میں باہر بٹھاد یا گیا تھا۔
Load Next Story