افغان ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی مارٹر حملوں پر سخت احتجاج

مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے جائیں، دفتر خارجہ

مارٹر گولوں سے 2 پاکستانی شہری جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے تھے۔ فوٹو: فائل

پاکستان نے افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے گزشتہ روز افغان فورسز کی جانب سے شمالی وزیرستان میں مارٹر حملوں پر سخت احتجاج کیا ہے۔



دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں افغان بارڈر پولیس کی طرف سے فائر کئے گئے مارٹر گولوں سے 2 پاکستانی شہری جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے تھے۔ افغان ناظم الامور کو حکومت پاکستان کی طرف سے سرحدی خلاف ورزی پر سخت تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے اقدامات کئے جائیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز افغانستان سے شمالی وزیرستان کی تحصیل غلام خان میں 6 مارٹر گولے فائر کئے گئے تھے جس کے نتیجے میں 2 پاکستانی افراد جاں بحق اور 2 زخمی جب کہ ایک مکان تباہ ہوگیا تھا۔ اس سے قبل بھی کئی بار افغان فورسز کی جانب سے مارٹر گولے فائر کئے جاچکے ہیں جس کے نتیجے میں کئی پاکستانی جاں بحق جب کہ سینکڑوں دکانیں اور مکان بھی تباہ ہوچکے ہیں تاہم پاکستان کی جانب سے احتجاج کے باعث افغانستان کی طرف سے ان حملوں کو روکنے کےلئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔

Recommended Stories

Load Next Story