سری لنکا سے کرپٹ کرکٹرز کا صفایا کرنے کیلیے جال تیار

فکسنگ،کرپشن یا سٹے بازی پر 10 سال جیل اور 100 ملین روپے کا جرمانہ

خصوصی بل کا ڈرافٹ تیار،جلد منظوری کے لیے پارلیمنٹ میں پیش ہوگا فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
سری لنکا نے ملک سے کرپٹ کرکٹرز کا صفایا کرنے کیلیے جال تیار کرلیا جب کہ خصوصی قانون جلد ہی منظوری کی خاطر پارلیمنٹ میں پیش کیا جائیگا۔

سری لنکا نے کرکٹ کو کرپشن سے صاف کرنے کیلیے عملی اقدامات شروع کردیے، پہلے مرحلے میں ایک خصوصی بل کا ڈرافٹ تیار کیا گیا جسے جلد ہی پارلیمنٹ سے منظوری کیلیے پیش کیا جائے گا،جس کے بعد کھیل میں میچ فکسنگ، کرپشن، غیرقانونی سازباز یا سٹے بازی پر نہ صرف زیادہ سے زیادہ 10 برس تک جیل کی ہوا کھانا پڑے گی بلکہ 10 کروڑ روپے جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔ مجوزہ بل کے کھیل میں موجودہ خرابیوں کو دور کرنے میں معاون ثابت ہونے کا امکان ہے۔


وزارت کھیل کے ایک ٹاپ آفیشل نے کہاکہ سخت سزاؤں کا مقصد ہی اسپورٹس کو کرپشن اور فکسنگ جیسی چیزوں سے پاک کرنا ہے۔ کھیل میں کسی قسم کے فراڈ پر بھی اسی بل کے تحت ہی سزا دی جائے گی، اسی طرح اگر کوئی کسی فکسنگ وغیرہ میں سہولت کاری کرے تو اسے بھی جرم کرنے والے کے برابر ہی سزا بھگتنا ہوگی۔ اس بل کی منظوری پر کھیل میں کرپشن کے معاملات کی تفتیش کیلیے خصوصی انویسٹی گیشن یونٹ قائم کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ حالیہ کچھ عرصے میں سری لنکا میں کرکٹ کرپشن سے کافی داغدار ہوئی، آئی سی سی کی جانب سے کئی سابق کرکٹرز پر اینٹی کرپشن کوڈز کے تحت چارجز عائد کیے گئے،ان میں سنتھ جے سوریا اور سابق پیسر نوان زوئیسا بھی شامل تھے، سابق فاسٹ بولر دلہار لوکوہیٹگے کو نومبر میں کرپشن کی وجہ سے معطل کیا گیا۔
Load Next Story