سانحہ پشاور ہلاک شدگان کیلیے میموریل سروس کا انعقاد

مسیحی برادری نے پاکستان کو مضبوط کیا، ملک میں امن کے خواہاں ہیں، فادر شکردین

ہم نے پاکستان کو نہ صرف مضبوط بنانا ہے بلکہ یہاں بسنے والے تمام افراد کے درمیان محبت کو پروان چڑھانا ہے ، مسیحی فادر

پشاور چرچ خودکش دھماکے میں ہلاک مسیحی افرادکیلیے حیدرآباد میں میموریل سروس کا انعقاد کیا گیا۔

اہالیان سینٹ جوزف کالونی یونٹ نمبر 10 لطیف آبادنے سانحہ پشاور میں جان کی بازی ہارنے والے مسیحی برادری کے افراد کی یاد میں میموریل سروس کا انعقاد کیا گیا۔ شرکا سے فادر سیمسن شکردین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری کے بغیر حکومت امن قائم نہیں کر سکتی، ہم نے پاکستان کو نہ صرف مضبوط بنانا ہے بلکہ یہاں بسنے والے تمام افراد کے درمیان محبت کو پروان چڑھانا ہے اور یکجا ہوکر ایک دوسرے کی رہنمائی کرنی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں امن و محبت چاہتے ہیں۔




خواہش ہے کہ ہمارا ملک پاکستان امن و سلامتی کا گہوارا ہو اور یہاں کوئی دہشت گردی نہ ہو۔ انھوں نے سانحہ پشاور میں ہلاک شدگان کے لیے خصوصی دعا کرائی اور کہا کہ جن دہشت گردوں نے ہمارے معصوم لوگوں بلکہ دیگر مذاہب کے بے گناہ افراد کی بھی جانیں لی ہیں ان کے لیے بھی ہم دعا کرتے ہیں کہ خداوند انہیں عقل ودانائی بخشے تاکہ وہ گمراہی کے راستے سے چھٹکارا پاسکیں۔

میموریل سروس میں مسیحی مردوخواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ اس موقع پر ہلاک شدگان کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلیے دعائیہ گیت پڑھنے کے علاوہ پاکستان کی سلامتی، بین المذاہب ہم آہنگی، امن وامان کے فروغ کے لیے بھی خصوصی دعا کی گئی۔ میموریل سروس میں کرسچین کمیونیکیشن نیٹ ورک کے چیف کوآرڈینیٹر بوٹا امتیاز، ماسٹر نتھانیل بھٹی، ماسٹر یوسف عنایت، بوٹا اﷲ دتا مسیح نے خصوصی شرکت کی۔
Load Next Story