کرس گیل نے بھارتی ٹیم کیخلاف طبل جنگ بجا دیا

ٹنڈولکر کے200 ویں ٹیسٹ کا مزہ کرکرا کرنے کا منصوبہ بنالیا، ویسٹ انڈین اسٹار

ہم ماسٹر بلاسٹر کو جلد سے جلد پویلین کی راہ دکھانے کی کوشش کریں گے۔کرس گیل:فوٹو:فائل

ویسٹ انڈین اسٹار کرس گیل نے بھارت کے خلاف طبل جنگ بجادیا، ان کا کہنا ہے کہ آئندہ ماہ سچن ٹنڈولکر کے 200 ویں ٹیسٹ کا مزہ کرکرا کرنے کا منصوبہ بنالیا۔

ہم ماسٹر بلاسٹر کو جلد سے جلد پویلین کی راہ دکھانے کی کوشش کریں گے، ٹیسٹ میچز میں کامیابیوں کا تسلسل قائم رکھیں گے، ٹرپل سنچریوںکی پیاس بدستور قائم ہے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایک خلیجی اخبار کو انٹرویو میں کیا۔ ویسٹ انڈین ٹیم کو آئندہ ماہ2 ٹیسٹ اور تین ون ڈے میچز کیلیے بھارت کا دورہ کرنا ہے، اس بارے میں گیل نے کہاکہ میں اس سیریز کا بے چینی سے منتظر ہوں، میں اسے سے قبل بھارتی سرزمین پر ایک بھی ٹیسٹ نہیں کھیلا اس لیے یہ سیریز میں سیزن کا ایک اچھا آغاز ثابت ہوگی۔ یاد رہے کہ اس ہوم سیریز میں سچن ٹنڈولکر ٹیسٹ میچز کی ڈبل سنچری بھی مکمل کریں گے۔




گیل کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیم ماسٹر بلاسٹر کے جشن کا مزہ کرکرا کرنے کا ارادہ کیے بیٹھی ہے، ٹنڈولکر کا200 ویں ٹیسٹ تک پہنچنا بذات خود ایک بہت بڑی کامیابی ہے میں نے97 ٹیسٹ کھیلے اور اچھی طرح جانتا ہوں کہ یہ فارمیٹ آپ کے جسم پر کتنا اثر انداز ہوتا ہے، ہم اس سیریز میں ٹنڈولکر کو جلد سے جلد پویلین کی راہ دکھانے کی کوشش کریں گے، اگرچہ ہم جانتے ہیں کہ ان کے شائقین اس بات سے خوش نہیں ہوںگے، مجموعی طور پر مجھے یقین ہے کہ یہ سیریززبردست ثابت ہوگی۔ کرس گیل نے ٹوئنٹی20 میں اپنی شرٹ کے نمبر 333 کے بارے میں کہاکہ یہ میری جنوبی افریقہ کے خلاف اسکور کی گئی دوسری ٹرپل سنچری اور میرے ٹیسٹ کیریئر کی سب سے بڑی اننگز کی مناسبت سے ہے، میں اس فارمیٹ میں مزید ٹرپل سنچریاں بنانا چاہتا ہوں۔
Load Next Story