جونیئر ہاکی پاکستان فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا

فاتح سائیڈ ملائیشیا اتوار کو فیصلہ کن معرکے میں بھارت سے مقابلہ کرے گی، گرین شرٹس برانز میڈل کے لیے میدان میں اتریں گے

پاکستانی ٹیم کو میزبان سائیڈ نے مکمل طور پر آؤٹ کلاس کرتے ہوئے4-2 سے زیر کیا۔ فوٹو: فائل

سلطان آف جوہر کپ جونیئرہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم میزبان ملائیشیا سے شکست کے بعد فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔

فاتح سائیڈ اتوار کو فیصلہ کن معرکے میں بھارت سے مقابلہ کرے گی، گرین شرٹس برانز میڈل کے لیے میدان میں اتریں گے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق ملائیشیا میں جاری ایونٹ کے چوتھے لیگ میچ میں پاکستانی ٹیم کو میزبان سائیڈ نے مکمل طور پر آئوٹ کلاس کرتے ہوئے4-2 سے زیر کیا، میچ کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں نے اپنی گرفت مضبوط بنانے کیلیے کوششیں شروع کردیں، چھٹے اور ساتویں منٹ میں ملائیشیا کو پنالٹی کارنر ملے مگر اس سے فائدہ نہیں اٹھایا جا سکا،10 ویں منٹ میں ایک اور پی سی کو پاکستانی گول کیپر مظہر عباس نے ناکام بنایا۔




26 ویں منٹ میں پاکستانی فاورڈز نے باہمی تال میل کے ساتھ ایک خوبصورت موو بنائی جس پر محمد سلیمان نے گول داغتے ہوئے ٹیم کو برتری دلادی۔ صرف2 منٹ بعد ملائیشین محمد زولہیری ہاشم نے پنالٹی کارنر پر گول کرتے ہوئے مقابلہ برابر کردیا،40 ویں منٹ میں شاہرل صبا کے پنالٹی کارنر ربائونڈ پر گیند گول کیپر مظہر کے پیڈز سے ٹکرا کر گول پوسٹ میں چلی گئی۔ 45 سے 48 منٹ کے کھیل کے دوران پاکستانی ٹیم کو 3 پنالٹی کارنر ملے، اس دوران آخری کوشش میں محمد توثیق بال کو گول پوسٹ کے عین سامنے حریف فارورڈ فطری ساری کے پائوں سے ٹکرانے میں کامیاب رہے جس پر امپائر نے پاکستان کو پنالٹی اسٹروک دے دیا۔

توثیق نے کوئی غلطی کیے بغیر گول کرتے ہوئے مقابلہ برابر کردیا۔ 52 ویں منٹ میں فطری ساری نے گول کیپر کی غلطی سے ملنے والے ربائونڈ کو گول میں پہنچا کر میزبان سائیڈ کو برتری دلا دی۔65 ویں منٹ میں محمد سیامیم یوسف نے راشد بہرون کے کراس پر گیند کو جال میں پہنچا دیا۔ پاکستانی کھلاڑیوں کے پاس میچ میں واپسی کیلیے پانچ منٹ کا وقت تھا مگر فارورڈز مواقع سے فائدہ نہ اٹھا پائے اور ٹیم میچ ہار کر فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔ اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں بھارت نے کوریا کو6-1 سے زیر کیا ۔ ارجنٹائن نے انگلینڈ کیخلاف3 گول سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایونٹ میں پہلی فتح کا مزہ چکھا۔
Load Next Story