اداکار عابد علی کی حالت تشویشناک بیٹیوں کی مداحوں سے دعا کی درخواست

ڈاکٹرز نے جواب دیدیا ہے لیکن اللہ سے بڑی کوئی طاقت نہیں، وہ چاہے تو کیا نہیں ہوسکتا، راحمہ عابد علی

عابد علی وارث، مہندی اور دیاردل سمیت متعدد ڈراموں میں کام کرچکے ہیں فوٹوفائل

نامور پاکستانی اداکار عابد علی کی حالت انتہائی تشویشناک ہے ان کی بیٹیوں ایمان اور راحمہ علی نے اپنے والد کی صحت یابی کے لیے مداحوں سے دعا کی درخواست کی ہے۔

پاکستان ڈراما انڈسٹری کے سینئر اداکار عابد علی کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ ان کی بڑی بیٹی اداکارہ و ماڈل ایمان علی نے سوشل میڈیا پر اپنے والد اور گھر والوں کے ہمراہ ایک یاد گار تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں سے اپنے والد کی صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کی ہے۔

[instagram-post url="https://www.instagram.com/p/B169Sp-nks7/"]


دوسری جانب اداکار عابد علی کی چھوٹی بیٹی راحمہ نے بھی سوشل میڈیا پراپنے والد کی طبعیت سے لوگوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ ان کے والد گزشتہ دو ماہ سے بہت بیمار ہیں، ڈاکٹرز نے ان کے علاج میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، لیکن اب تمام ڈاکٹرز نے جواب دے دیاہے۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ وہ جو کرسکتے تھے کرلیا اب وہ ہمارے والد کو بچانے کے لیے کچھ نہیں کرسکتے۔ لیکن اللہ سے بڑی کوئی طاقت نہیں، وہ چاہے تو کیا نہیں ہوسکتا۔ راحمہ نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہمارے ساتھ اگر آپ لوگوں کی دعائیں بھی مل جائیں تو شاید اللہ سن لیں کسی کی، مہربانی کرکے ہمارے والد کے لیے دعا کریں۔



واضح رہے کہ عابد علی کا شمار پاکستان کے لیجنڈ اداکاروں میں ہوتا ہے انہوں نے ''وارث''، ''دیار دل''، ''مہندی''، ''بیٹیاں''، ''صنم''، ''رخصتی'' اور''دشت'' جیسے مقبول ڈراموں میں لازوال کردار اداکیے ہیں۔
Load Next Story