ڈومیسٹک سیزن کوچز کی تقرری میں میرٹ کا مذاق بنا دیا گیا

بعض این سی اے کوالیفائیڈ کوچز نظر انداز، ناتجربہ کار وں کا تقرر، مشکوک ماضی والے بھی اہم ذمہ داریاں پانے میں کامیاب

بعض این سی اے کوالیفائیڈ کوچز نظر انداز، ناتجربہ کار وں کا تقرر، مشکوک ماضی والے بھی اہم ذمہ داریاں پانے میں کامیاب۔ فوٹو: فائل

ڈومیسٹک سیزن کے کوچزکی تقرری میں میرٹ کا مذاق بنا دیا گیا جب کہ کئی کوالیفائیڈ کوچز کو نظرانداز کرتے ہوئے من پسند شخصیات کا تقرر ہوا۔

رواں برس ڈومیسٹک کرکٹ نئے فارمیٹ کے تحت کھیلی جائے گی،گذشتہ دنوں6فرسٹ کلاس اور اتنی ہی نان فرسٹ کلاس ٹیموں کے کوچنگ اسٹاف کا تقرر ہوا جس نے کئی سوال اٹھا دیے ہیں،بعض کوالیفائیڈ کوچز کو نظر انداز کرکے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے شعبہ کوچ ایجوکیشن پر عدم اعتماد کا اظہارکیا گیا۔

مشکوک ماضی والے کرکٹرز سمیت بعض ناتجربہ کار کوچز کا تقرر ہوا جبکہ این سی اے کے کئی کوالیفائیڈ کوچز ہاتھ ملتے رہ گئے، سابق ٹیسٹ کرکٹر ارشد خان کو بلوچستان ٹیم کا ہیڈ کوچ بنایا گیا جبکہ اس شعبے میں ان کا تجربہ نہ ہونے کے برابر اور وہ محض لیول ٹو کوچ ہیں،ارشد بطورجونیئر سلیکٹر بھی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔

سینٹرل پنجاب سے منسلک اعجاز جونیئر مشکوک ماضی کے باوجود ہیڈکوچ تعینات ہوگئے۔ انھیں ماضی میں بطور فیصل آباد ریجن ہیڈ کوچ ایک میچ فکسنگ کیس میں بورڈ کی ملازمت سے ہاتھ دھونا پڑے تھے،بعد میں دوبارہ ملازمت پررکھ لیا گیا لیکن ان کے دور میں آزاد جموں و کشمیر اور ڈیرہ مرادجمالی کی کارکردگی اچھی نہیں رہی۔


رواں سال کے آغاز میں اعجاز جونیئر کو پاکستان اے کاکوچ مقرر کیا گیا جس میںکرکٹ قوانین سے لاعلمی ٹیم کی شکست کا باعث بن گئی تھی۔

لیول فورکوالیفائیڈ کوچ سجاد اکبر کو سدرن پنجاب سیکنڈ الیون کا منیجر وہیڈ کوچ مقرر کیا گیا،ماضی میں کرکٹ میچز پر جوا کھیلنے کے الزام میں امپائرنگ کے شعبے سے برطرف شدہ اکرم رضاکوچنگ کے شعبہ میں وارد ہونے کے بعد چند ماہ قبل سیالکوٹ ریجن میں اسسٹنٹ کوچ تعینات ہوئے، اب انھیں براہ راست سینٹرل پنجاب سیکنڈ الیون میں ٹیسٹ کرکٹر نوید انجم کا نائب مقررکردیا گیا۔

سینٹرل پنجاب کی فرسٹ الیون کے ساتھ اعجاز جونیئر کا اسسٹنٹ ایس این جی پی ایل کے سمیع اللہ نیازی کو مقرر کیا گیا،ان کی کوچنگ کوالیفکیشن صرف لیول ون ہے، انھوں نے رواں سال کے آغاز میں این سی اے لاہور میں ہونے والے لیول ٹو کوچنگ کورس میں شرکت کی تھی،اس میں ان کے ساتھ اکرم رضا بھی شامل تھے،اس کا نتیجہ ابھی تک نہیں آیا مگر ان دونوں کا پاکستان کی 6بڑی ٹیموں کے ساتھ بطور کوچ تقررکر دیا گیا۔

سعیدانور جونیئر (ناردرن سیکنڈ الیون) اور شعیب خان (بلوچستان فرسٹ الیون) کی بغیر کوچنگ تجربے کے بطور اسسٹنٹ کوچ تعیناتی بھی حیران کن ہے، سابق ٹیسٹ کرکٹر اور ٹی وی ایکسپرٹ محمد وسیم کوناردرن ایریا ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیاگیا، وہ لیول تھری کورس کے نتیجے کا انتظار کر رہے ہیں،اسی طرح رفعت اللہ مہمند کو بغیر کسی کوچنگ تجربے کے خیبرپختونخوا سیکنڈ الیون کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سونپ دی گئی۔

پی سی بی نے کبھی کسی کوچ کو 2ملازمتوں کی اجازت نہیں دی بلکہ کئی سے ماضی میں استعفے بھی لیے جا چکے، مگر اب مصباح الحق، سمیع نیازی، رفعت اللہ مہمند، محمد وسیم اور سعید انور جونیئر دیگر اداروں میں بھی ملازمت کے باوجود بورڈ سے منسلک ہو گئے ہیں۔
Load Next Story