کابل حملے میں ہلاک ہونے والوں میں امریکی سمیت 2 غیر ملکی فوجی بھی شامل

رواں برس طالبان کے مختلف حملوں میں امریکی فوجیوں کی تعداد 19 ہوگئی ہے

کابل میں افغان خفیہ ایجنسی کے دفتر کے قریب دھماکا ہوا تھا۔ فوٹو : فائل

افغان خفیہ ایجنسی اور نیٹو کے ہیڈکوارٹر کے نزدیک ہونے والے خود کش کار حملے میں ہلاک ہونے والوں میں 2 غیر ملکی فوجی بھی شامل ہیں جن کی شناخت ہوگئی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز کابل میں افغان خفیہ ایجنسی 'این ڈی ایس' کے دفتر کے باہر خود کش کار بم حملے میں 10 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے اور جائے وقوعہ پر قائم نیٹو فوج کی ایک چیک پوسٹ پر تعینات دو اہلکار بھی شدید زخمی ہوئے تھے۔

نیٹو کی سربراہی میں اتحادی افواج کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں دو غیر ملکی فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک امریکی فوجی اور دوسرے اہلکار کا تعلق رومانیہ سے ہے۔ دونوں کی میتوں کو ان کے آبائی ممالک روانہ کردیا گیا ہے۔


یہ خبر بھی پڑھیں: کابل میں امریکی سفارتخانے کے قریب دھماکے میں 10 افراد ہلاک، 42 زخمی

ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے فوجیوں کے ورثاء کی اجازت اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ہی ہلاک ہونے والے فوجیوں کی مکمل شناخت ظاہر کی جائیں گی جس میں 24 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ قطر میں امریکا اور افغان طالبان کے درمیان ہونے والے امن مذاکرات کے آخری مراحل میں پہنچنے کے باوجود طالبان جنگجوؤں کے حملوں میں کمی نہیں آئی ہے اور افغانستان میں رواں برس اب تک 19 امریکی فوجی مختلف واقعات میں مارے جا چکے ہیں۔
Load Next Story