کرکٹر عبدالقادر کی اچانک رحلت

عبدالقادر نے انگلینڈ سمیت دنیا بھر میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

عبدالقادر نے انگلینڈ سمیت دنیا بھر میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ فوٹو:فائل

پاکستان کے مایہ ناز سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر جمعہ کے روز لاہور میں اچانک دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔

عبدالقادر بے مثال لیگ بریک باولر تھے، ان کی وجہ شہرت گگلی اور فلپر تھی جس کی وجہ سے ان کا نام اسپن باؤلنگ کا جادوگر کے طور پر مشہور ہو گیا تھا۔ شین وارن انھیں اپنا استاد مانتے تھے، عبدالقادر نے انگلینڈ سمیت دنیا بھر میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ضرورت کے وقت وہ انتہائی کارآمد بلے باز تھے۔


غیر ملکی کرکٹروں نے بھی عبدالقادر کے انتقال پر خاص طور پر تعزیت کی ہے۔انھوں نے سولہ سالہ کرکٹ کیرئیر میں 67 ٹیسٹ میچ،4 10ون ڈے میچ کھیلے۔عبدالقادر کا کرکٹ کیرئیر شاندار تھا۔ ان میں اسپورٹس مین اسپرٹ کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی۔ وہ اپنے پورے کیرئیر کے دوران کبھی کسی تنازعے کا شکار نہیں ہوئے۔ وہ سیدھی اور کھری بات کرنے کے عادی تھے۔ وہ اپنے دور کے سب سے بڑے اسپنر تھے۔

وزیر اعظم عمران خان نے عبدالقادر کو اپنا قریبی اور پیارا دوست قرار دیا ہے عبدالقادر پاکستان ٹیم کے چیف سلیکٹر بھی رہے تھے۔ وہ ایک اصول پسند اور اپنی دھرتی سے پیار کرنے والے انسان تھے۔ انھوں نے عوامی رنگ میں اپنی زندگی گزاری۔ محلے کے عام لوگوں سے بھی بڑے پیار محبت سے ملتے تھے۔ ایک اس قدر فعال اسپورٹس مین ہونے کے باوجود ان کو دل کا دورہ پڑنے پر حیرت ہوتی ہے۔ ان کی عمر بمشکل تریسٹھ چونسٹھ سال کے تھے۔ ان کی پیدائش انیس سو پچپن کی ہے۔

دل کا دورہ پڑنے پر انھیں اسپتال لے جایا جا رہا تھا مگر وہ راستے میں ہی دم توڑ چکے تھے۔ عبدالقادر کے انتقال کی اطلاع ملنے پر لاہور کے علاقے دھرم پورہ انفنٹری روڈ کے دونوں اطراف عوام کے ہجوم کے باعث ٹریفک جام ہو گئی ۔ عبدالقادر غیر معمولی اسپورٹس مین تھے جن کی کمی آسانی سے پوری نہیں ہو سکے گی۔
Load Next Story