یزید کی طرح بھارت اور ظالم مودی بھی عبرت کا نشان بنے گا فردوس عاشق

حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے نام لیواؤں پر بھارتی فوج کا حملہ معرکہ کربلا کا تسلسل ہے، معاون خصوصی

یزید کے پیروکار فسطائی مودی نے مظلوم کشمیریوں کی مذہبی آزادی بھی سلب کر لی، فردوس عاشق فوٹو: فائل

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب یزید کی طرح بھارت اور ظالم مودی بھی عبرت کا نشان بنے گا اور کشمیر آزاد ہوگا۔


اپنی ٹوئٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قاتل مودی کی غاصب فوج کے بدترین محاصرے اور کرفیو کے باوجود باہر نکل کر کشمیریوں نے حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی سنت کو زندہ کیا۔ حسینیت کے علمبرداروں نے بھارتی جبر کو للکارا ور حق و سچ پر ڈٹے رہنے کے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا۔ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے نام لیواؤں پر بھارتی فوج کا حملہ آج معرکہ کربلا کا ایک تسلسل ہے۔ یہ حملہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ یزید کے پیروکار فسطائی مودی نے مظلوم کشمیریوں کے بنیادی آئینی، جمہوری و انسانی حقوق غصب کرکے ان کی مذہبی آزادی بھی سلب کر لی۔ نہتے کشمیری عزاداروں پر مظالم اور گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ وہ دن دور نہیں جب یزید کی طرح بھارت اور ظالم مودی بھی عبرت کا نشان بنے گا اور کشمیر آزاد ہوگا۔
Load Next Story