ایشیا کپ انڈر 19 پاکستان نے کویت پر ہاتھ صاف کرلیا

گرین شرٹس نے 163رنز سے کامیابی حاصل کی،عرفان ، وسیم اور حارث کی ففٹیز

افغانستان کو مات دینے والے بھارت کی گروپ میں پہلی پوزیشن، مشرا کی 5 وکٹیں۔ فوٹو: فائل

انڈر19 ایشیا کپ میں پاکستان نے ابتدائی دو ناکامیوں کے بعد کمزور حریف کویت پر ہاتھ صاف کرلیا جب کہ یکطرفہ مقابلے میں گرین شرٹس نے 163رنز کے بڑے مارجن سے فتح سمیٹی۔

قومی جونیئر ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹ پر 335 رنز اسکور بورڈ پر سجائے، عرفان خان 63 رنز بناکر ٹاپ اسکورر ثابت ہوئے، محمد وسم نے 20 گیندوں پر 55 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جس میں 2 باؤنڈریز اور 6 سکسرز شامل رہے، حارث خان نے 41 بالز کا سامنا کرتے ہوئے 53 رنزاپنے نام درج کرائے۔

فہد منیر نے42 کی اننگزکھیلی، کپتان روحیل نذیر34 رنز بنانے میں کامیاب رہے، قاسم اکرام 28 رنز بناکر میدان بدر ہوئے، اوپنر حیدر علی نے 26 رنز بنانے کیلیے 27 گیندوں کا سامنا کی، ان کی اننگز میں 4 باؤنڈریز بھی شامل رہیں، جنڈو ہامونڈ نے 4 جبکہ عبدالصادق نے3 کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا،کویتی ٹیم جوابی اننگز میں 43.4 اوورز میں 172رنز پر ڈھیر ہوگئی۔


کپتان عبدالصادق نے بولنگ کے بعد بیٹنگ میں بھی صلاحیتوں کے جوہردکھائے، انھوں نے 105 بالز کا سامنا کرتے ہوئے 60رنز اپنے نام درج کرائے، ان کی اننگز میں7 چوکے شامل رہے،گووندکمار نے 45 رنز بنانے کیلیے 85 گیندوں کا سامنا کیا، اس دوران انھوں نے 2 باؤنڈریز اور 2 سکسر بھی جڑے، میٹ بھاوسار اور اے سنجیو نائر نے یکساں طور پر 14،14 رنز بنائے، قاسم اکرام نے 4 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا، محمد وسیم نے3 جبکہ ابوہریرہ نے 2 پلیئرز کو میدان بدر کیا۔

گروپ کے دوسرے میچ میں بھارت نے افغانستان کو 3 وکٹ سے مات دیکر پہلی پوزیشن حاصل کرلی، لواسکورنگ مقابلے میں افغان ٹیم 124 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی، عابداللہ 39 رنز بناکر نمایاں رہے،سشانت مشرا نے 5 جبکہ اتھاورا اینکولیکر نے 4 وکٹیں اپنے نام کیں۔

بھارت نے ہدف تک رسائی میں 7 وکٹیں گنوائیں، سلیل اروڑا اور سشانت راوت نے یکساں طور پر 29،29 رنز اسکور کیے، نوراحمد نے 4 اور شفیق اللہ غفاری نے 2 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔
Load Next Story