دہشت گردی کا خطرہ جیلوں کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت

تمام جیلوں کے اطراف پولیس گشت اور رینڈم اسنیپ چیکنگ کو مزید مؤثر بنایا جائے، فیاض لغاری

آئی جی سندھ نے کہا کہ خفیہ اطلاعات کے حصول اور فوری تبادلوں کیلیے نہ صرف انٹیلی جنس نیٹ ورک کو بڑھایا جائے۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
سندھ پولیس کے ڈائریکٹر پریس ڈاکٹر معیز الدین پیرزادہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ آئی جی سندھ فیاض لغاری نے صوبے کی جیلوں پر مبینہ دہشت گردی کے حملوں کے تناظر میں ہدایات جاری کی ہیں کہ جیلوں کے غیر معمولی سیکیورٹی اقدامات کیلیے متعلقہ پولیس رینج اور ضلعوں کے لحاظ سے خاطر خواہ انتظامات کیے جائیں جبکہ اضافی نفری کی نمایاں مقامات پر تعیناتی اور پولیس کمانڈوز سے سیکیورٹی فرائض کے ضمن میں پولیس ہیڈکوارٹرز، ریپڈ ریسپانس فورس اور محافظ فورس کو ساتھ لے کر باقاعدہ حکمت عملی کی ترتیب کو یقینی بنایا جائے اور اس کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی کے جملہ امور میں جیل حکام سے مشاورت کیلیے بھی تمام ضروری اقدامات بھی کیے جائیں،


اعلامیے کے مطابق آئی جی سندھ نے کہا کہ جیلوں کے اطراف میں پولیس گشت کو مزید بڑھایا جائے جبکہ حدود ایریاز میں پکٹنگ اور رینڈم اسنیپ چیکنگ کو سخت اور مؤثر بنایا جائے، مشکوک عناصر اور سرگرمیوں پر کڑی نگاہ رکھنے اور اس حوالے سے خفیہ اطلاعات کے حصول اور فوری تبادلوں کیلیے نہ صرف انٹیلی جنس نیٹ ورک کو بڑھایا جائے بلکہ دیگر خفیہ اداروں سے روابط کو بھی مربوط بنایا جائے،

انھوں نے تھانہ جات کے سپروائزری پولیس افسران کو ہدایات دی ہیں کہ جرائم پیشہ عناصر اور مفرور و اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلیے بلاامتیاز ٹارگٹڈ کارروائیوں کو یقینی بنایا جائے، آئی جی سندھ نے مزید کہا کہ تمام ایس ایچ اوز باالخصوص جرائم سے متاثرہ حساس علاقوں میں مسلسل پیٹرولنگ، نمایاں مقامات پر پولیس کی تعیناتی اور اسنیپ چیکنگ کو اپنی نگرانی میں یقینی بنائیں۔
Load Next Story